
نئی دہلی، 26 جولائی(ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کی 136ویں قسط اتوار کو دہلی بھر میں بڑے پیمانے پر سنی گئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہلی دفتر سمیت دارالحکومت کے تقریباً 6,450 مقامات پر پارٹی کارکنوں اور عوام نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
بی جے پی کے دہلی صدر ہرش ملہوترا نے پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رادھا موہن داس اگروال، اڈیشہ سے رکن پارلیمنٹ بلبھدر مانجھی، بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے صدر رجت چودھری، دفتر کے انچارج کیلاش جین، امت گپتا اور دیگر کارکنوں کے ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر میں ’من کی بات‘پروگرام سنا۔
پروگرام کے اختتام پر ہرش ملہوترا اور دیگر رہنماؤں نے کارگل جنگ کے شہدائ کی یاد میں خاموشی اختیار کی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہرش ملہوترا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب نہایت متاثر کن اور حوصلہ افزا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کارگل وجے دیوس کے موقع پر وزیراعظم نے ملک کے بہادر شہدائ اور فوجیوں کی جرأت و قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے بھارت کی بڑھتی ہوئی دفاعی خود کفالت کا ذکر کرتے ہوئے آئی این ایس مہندرگیری، پناکا لانگ رینج گائیڈڈ راکٹ اور کُشا میزائل کے کامیاب تجربات کو ملک کی سائنسی اور دفاعی صلاحیت کی بڑی کامیابیاں قرار دیا۔ہرش ملہوترا نے بتایا کہ وزیراعظم نے ’کیچ دی رین‘ مہم کے ذریعے عوام سے پانی کے ہر قطرے کو محفوظ رکھنے، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور آبی وسائل کی بحالی میں حصہ لینے کی اپیل بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ’وکرمõ1‘ راکٹ کی کامیاب لانچنگ، مقامی کاریگروں، خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس اور’ویسٹ ٹو ویلتھ‘ جیسی مہمات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اختراع، خود کفالت اور ’ووکل فار لوکل‘ کے تصور کو مزید مضبوط بنانے کا پیغام دیا۔
اس موقع پر بی جے پی کے تنظیمی جنرل سکریٹری پون رانا نے بیرونی دہلی ضلع، جنرل سکریٹری وشنو متل نے دہلی گیٹ وارڈ، جنرل سکریٹری یوگیتا سنگھ نے کالکاجی اور جنرل سکریٹری موہن لال گیہارا نے مادی پور وارڈ میں کارکنوں کے ساتھ ’من کی بات‘ پروگرام سنا۔
بی جے پی کے مختلف ارکانِ پارلیمنٹ نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں عوام اور کارکنوں کے ساتھ پروگرام میں شرکت کی۔ رام ویر سنگھ بدھوڑی نے آیا نگر وارڈ، کمل جیت سہراوت نے امبرہائی گاؤں، بانسری سوراج نے راجیہ سبھا رکن ڈاکٹر الکا گجر اور ستیش پونیا کے ساتھ سروجنی نگر میں، جبکہ سواتی مالیوال نے منٹو روڈ علاقے میں مقامی شہریوں کے ساتھ ’من کی بات‘ پروگرام سنا۔اسی طرح چاندنی چوک سے رکن پارلیمنٹ پروین کھنڈیلوال نے ایرو سٹی کے ایک ہوٹل میں ملک بھر سے آئے سو سے زائد تاجر رہنماؤں کے ساتھ پروگرام میں شرکت کی۔بی جے پی کے دہلی یونٹ کے ’من کی بات‘ پروگرام کے ریاستی رابطہ کار راجن تیواری کے مطابق دارالحکومت دہلی میں اتوار کے روز تقریباً 6,450 مقامات پر اس پروگرام کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan