
جموں میں سیلاب سے متاثرعلاقے کے تمام اسکولوں کو بند رکھا جائے گا: صوبائی کمشنر
جموں، 26 جولائی (ہ س)۔
جموں کے ڈویژنل کمشنررمیش کمارنے حالیہ شدید بارشوں سے متاثرہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ جن اسکول عمارتوں کوغیرمحفوظ یا نقصان زدہ قراردیا گیا ہے، انہیں فوری طور پر بند کر دیا جائے اور مکمل مرمت کے بعد ہی دوبارہ کھولا جائے۔اتوار کو بارش سے ہونے والے نقصانات، بحالی کے کاموں اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ طلبہ کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام غیر محفوظ اسکول عمارتوں کی فوری نشاندہی کر کے ان میں تدریسی سرگرمیاں معطل رکھی جائیں۔
انہوں نے چیف ایگریکلچر افسران کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا فوری سروے کرکے رپورٹ پیش کریں تاکہ متاثرہ کسانوں کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔رمیش کمار نے جموں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (جے پی ڈی سی ایل) کو بجلی کے متاثرہ ڈھانچے کی جلد از جلد بحالی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی ترجیحی بنیادوں پر بحال کی جائے۔اجلاس میں متاثرہ خاندانوں کو ایکس گریشیا امداد کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈویژنل کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ امدادی رقوم کی تقسیم میں تیزی لائی جائے تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے 29 اور 30 جولائی کو متوقع مزید بارشوں کے پیش نظر تمام اضلاع میں غذائی اجناس، ایل پی جی سلنڈروں، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا وافر ذخیرہ رکھنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی محکمہ صحت کو حساس علاقوں میں ادویات اور طبی عملے کی دستیابی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ڈویژنل کمشنر نے لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے سے بند سڑکوں کو جنگی بنیادوں پر بحال کرنے، نالوں کی صفائی، دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت آگاہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ 19 جولائی سے جاری شدید بارشوں کے دوران پونچھ، راجوری، ڈوڈہ اور رام بن اضلاع میں مختلف حادثات میں کم از کم 27 افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنر نے یقین دلایا کہ انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر