
لکھنو، 20 جولائی(ہ س)۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں جاری زیرو پوورٹی مہم(صفر غربت مہم) کو مزید مو¿ثر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہم کے تحت مستحق خاندانوں کے انتودیہ کارڈ بنائے جائیں اور انہیں مرحلہ وار تمام سرکاری فلاحی اسکیموں سے منسلک کیا جائے، تاکہ کوئی بھی اہل خاندان حکومتی سہولتوں سے محروم نہ رہے۔
اسٹیٹ ٹرانسفارمیشن کمیشن کی چھٹی جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ اب تک 12 لاکھ 50 ہزار خاندانوں کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔ سروے کے مطابق تقریباً 9 لاکھ خاندان پردھان منتری آواس یوجنا کے اہل قرار پائے ہیں، جبکہ 5 لاکھ خاندانوں کو مکھیہ منتری آواس یوجنا کے تحت رہائشی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 6 لاکھ 67 ہزار خاندان اب تک آیوشمان کارڈ سے محروم ہیں، جبکہ 10 لاکھ 60 ہزار خاندانوں کے ایک فرد کو ہنر مندی کی تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے ریاست کے مختلف ایکسپریس وے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ 31 جولائی تک زمین کے حصول کا عمل تیز کیا جائے اور زمین مالکان کے ساتھ براہِ راست رابطہ قائم کرکے مسائل کو حل کیا جائے۔اجلاس میں لکھنو¿ نائٹ سفاری، گریٹر نوئیڈا کے ملٹی ماڈل لاجسٹک ہب، لکھنو¿ ٹیکسٹائل پارک، اناو¿ ایکوا برج اور کانپور کی پانی فراہمی سے متعلق منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں، اسپتالوں اور ہوٹلوں میں آگ سے تحفظ کے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ بجلی کی تقسیم کے نظام، ڈسٹرکٹ مائننگ فنڈ کے شفاف استعمال، ارکانِ پارلیمنٹ اور اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں، پانی کے مو¿ثر استعمال اور دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کے کام میں تیزی لانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت کا مقصد ہر مستحق خاندان تک سرکاری فلاحی منصوبوں کا مکمل فائدہ پہنچانا اور زیرو پاورٹی مہم کو مو¿ثر انداز میں کامیاب بنانا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan