
علی گڑھ،20 جولائی (ہ س)۔
جواہرلعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے وزارت صحت و کنبہ بہبود، حکومت ہند، اور نروراا یٹمک پاور اسٹیشن کے اشتراک سے 14 تا17 جولائی منعقدہ ریڈیولوجیکل اور نیوکلیئر ایمرجنسیز پر مبنی چار روزہ قومی صلاحیت سازی پروگرام میں شرکت کی۔
یہ پروگرام مرکزی شعبہ جاتی اسکیم ‘‘صحت کے شعبے میں آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ردعمل’’ کے تحت بین الاقوامی صحت ضوابط (2005) اور قومی اتھارٹی برائے انتظامِ آفات کی رہنما ہدایات کے مطابق منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طبی ماہرین کو تابکاری سے متعلق ہنگامی حالات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ضروری معلومات اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا۔ اے ایم یو کی ٹیم میں شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر دانش کمال اور ڈاکٹر سید صہیب ہاشمی، جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر نشو ملک، اور شعبہ امراض چشم کی جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر طاہرہ عزیز شامل تھے۔
پروگرام میں ماہرین کے لیکچرز، مشقیں، فیلڈ دورے اور عملی مظاہرے شامل تھے، جن میں تابکاری سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتِ حال کے انتظام کے اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ ان میں ٹرائج، شدید تابکاری سنڈروم، آلودگی پر کنٹرول، نفسیاتی و سماجی نگہداشت اور مختلف اداروں کے درمیان تال میل جیسے موضوعات شامل تھے۔ پروگرام میں کثیر شعبہ جاتی تعاون، فوری ردعمل کے طریق ہائے کار اور شواہد پر مبنی طبی انتظامی حکمت عملیوں پر بھی زور دیا گیا تاکہ ریڈیولوجیکل ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تیاری کو مضبوط بنایا جا سکے۔ شرکاء نے قومی تربیتی پروگرام میں ان کی شرکت کو ممکن بنانے کے لیے ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر اور پروگرام کوآرڈینیٹر پروفیسر ایم اطہر انصاری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم کی مسلسل حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا بھی اعتراف کیا، جن کے تعاون سے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو اس اہم پروگرام سے استفادہ کا موقع ملا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ