
حیدرآباد , 20 جولائی (ہ س)۔ حیدرآباد کے بنجارہ ہلزعلاقے میں واقع ایک ایکسپورٹ دفترکے بیت الخلا کی کھڑکی توڑکرنامعلوم چورایک کلوگرام سے زائد سونے کے زیورات چرا لے گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واردات روڈ نمبر 10 پر واقع گروکرپا ایکسپورٹس کے دفتر میں پیش آئی۔ چوری ہونے والے زیورات کا مجموعی وزن 1,028.59 گرام ہے، جن میں سونے کے سات ہاراورسات جوڑے کان کی بالیاں شامل ہیں۔ یہ زیورات ہیروں کی جڑائی کے لیے ایک تجوری میں محفوظ رکھے گئے تھے۔
یہ واقعہ اس وقت منظرِعام پرآیا جب دفترکے منیجر نے گجرات کے شہرسورت کے ایک تاجرکی جانب سے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے پایا کہ چور پہلے بیت الخلا کی کھڑکی توڑکردفتر میں داخل ہوئے اوراس کے بعد تجوری کونشانہ بنایا۔
بنجارہ ہلزپولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس اطراف کے علاقوں میں نصب نگرانی کے کیمروں (سی سی ٹی وی) کی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے اورملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق