
کھونٹی، 20 جولائی (ہ س)۔ کھونٹی-چائی باسا روڈ پر مرہو تھانہ علاقے کے پنچ گھاگھ کے قریب کڑکی نالہ پل پر پیر کی صبح ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو گئی۔ کار پل کی گارڈ وال توڑتے ہوئے تقریباً 15 فٹ نیچے نالے میں جا گری۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی، لیکن اس میں سوار چاروں نوجوان معجزاتی طور پر محفوظ بچ گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مرہو تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے کار میں پھنسے نوجوانوں کو باہر نکال کر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، مرہو پہنچایا، جہاں ان کا ابتدائی علاج کیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت سورج کمار، دھرو راج اور گورو کمار کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ کار چلا رہے متھن کمار کو صرف معمولی خراشیں آئیں۔ تمام نوجوانوں کی عمر 22 سے 25 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے خود کو پٹنہ (بہار) کا رہائشی بتایا، لیکن کوئی بھی اپنا واضح رہائشی پتہ نہیں بتا سکا۔ کسی نے کنکر باغ، کسی نے بریا بس اسٹینڈ تو کسی نے راجندر نگر کا پتہ بتایا، جس کی وجہ سے پولیس کو ان کی شناخت کی تصدیق کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
زخمیوں کا علاج کر رہے ڈاکٹر رنجے بالا نے بتایا کہ تمام نوجوان نشے کی حالت میں دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ شراب کے علاوہ کسی نشہ آور مادے (ڈرگز) کا بھی استعمال کیا گیا ہو سکتا ہے۔ تاہم اس کی تصدیق طبی جانچ رپورٹ آنے کے بعد ہی ہو سکے گی۔
ابتدائی تحقیقات میں پولیس کا ماننا ہے کہ تیز رفتاری اور نشے کی حالت کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں کار پہلے گارڈ وال توڑتے ہوئے آگے بڑھی اور پھر پل سے نیچے نالے میں جا گری۔
مرہو تھانہ پولیس نے حادثے کا شکار کار کو قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس یہ بھی معلوم کرنے میں مصروف ہے کہ نوجوان کس مقام سے آ رہے تھے، ان کا اصل پتہ کیا ہے اور حادثے سے پہلے وہ کہاں گئے تھے۔ تحقیقاتی رپورٹ اور طبی جانچ کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد