
پونے، 20 جولائی (ہ س)۔ پونے میونسپل کارپوریشن کے مختلف محکموں میں سرکاری ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر ایک امیدوار سے 45 لاکھ روپے وصول کرنے اور اسے جعلی تقرری نامہ دینے کے مبینہ بھرتی گھوٹالے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس معاملے میں میونسپل کارپوریشن کے ایک چپراسی سمیت چار افراد کے خلاف شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پونے میونسپل کارپوریشن کے جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے سپرنٹنڈنٹ نے شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت کے مطابق مئی 2022 سے مئی 2025 کے درمیان میونسپل کارپوریشن کے احاطے اور دیگر مقامات پر ملزمان نے مبینہ طور پر یہ دھوکہ دہی انجام دی۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزموں نے امیدوار کو پونے میونسپل کارپوریشن میں ملازمت دلانے کا یقین دلا کر اس کا اعتماد حاصل کیا۔ بعد ازاں اسے جعلی تقرری نامہ دے کر اس سے 45 لاکھ روپے وصول کیے ۔ پولیس کے مطابق اس مقدمے میں جیجوری دیوستھان کے ٹرسٹی راجیندر بابن کھیڈیکر، پونے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعلیم میں تعینات چپراسی شیوانند بالاصاحب پاٹل، نمیتا گووردھن بنسوڈے اور ان کے دیگر ساتھیوں کو ملزم بنایا گیا ہے۔شیواجی نگر پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس یہ بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا اس دھوکہ دہی میں مزید افراد بھی ملوث ہیں اور کیا اسی طرز پر دیگر امیدواروں کو بھی سرکاری ملازمت کا جھانسہ دے کر رقم وصول کی گئی ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے