
پٹنہ، 20 جولائی (ہ س)۔
ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹرصداقت آشرم میں پیر کے روزمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرراجیش رام نے کہا کہ ملک میں پیپر لیک ہونا اب ایک سنگین قومی بحران بن چکا ہے۔ یہ صرف امتحان کی رازداری کی خلاف ورزی نہیں ہے بلکہ لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل پربراہ راست حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں ملک بھر میں پیپر لیک ہونے کے 150 واقعات رونما ہو چکے ہیں اور اس مایوسی کی وجہ سے سو سے زائد طلباء اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ لاکھوں طلباء کو اپنے مستقبل کے حوالے سے سنگین بحران کا سامنا ہے۔ طلبہ اپنا سب سے قیمتی وقت، توانائی اورمحنت مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے صرف کرتے ہیں، لیکن ساتھ ہی پیپر لیک کرنے والے گروہ اور انھیں تحفظ فراہم کرنے والے امتحانات سے سمجھوتہ کرکے طلبہ کے خوابوں کو چکنا چور کردیتے ہیں۔راجیش رام نے کہا کہ کانگریس لیڈرراہل گاندھی پورے ملک کے طلباء کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور انہوں نے چھاتروں کی گونج پروگرام کے ذریعے اس ناانصافی کے خلاف ملک گیر عوامی تحریک شروع کی ہے۔ کانگریس پارٹی نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو بے نقاب کرنے اور انہیں سخت سے سخت سزا دلوانے کے لیے انتھک جدوجہد جاری رکھے گی۔پریس کانفرنس میں کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اسیت ناتھ تیواری، سیوا دل کے چیئرمین ڈاکٹر سنجے یادو، پنکج یادو، اور ندیم اختر انصاری موجود تھے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan