بی جے پی رکن اسمبلی نارائن کوچے کے قافلے کی گاڑی حادثے کا شکار، تین افراد زخمی
ممبئی ، 20 جولائی (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی نارائن کوچے کے قافلے میں شامل ایک گاڑی پیر کی علی الصبح شولاپور۔دھولے ہائی وے پر جامکھیڑا پھاٹا کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے
بی جے پی رکن اسمبلی نارائن کوچے کے قافلے کی گاڑی حادثے کا شکار، تین افراد زخمی


ممبئی ، 20 جولائی (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی نارائن کوچے کے قافلے میں شامل ایک گاڑی پیر کی علی الصبح شولاپور۔دھولے ہائی وے پر جامکھیڑا پھاٹا کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی کلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ پیر کی صبح تقریباً ساڑھے چار بجے پیش آیا۔ بدناپور۔امبڑ اسمبلی حلقے سے تعلق رکھنے والے بی جے پی رکن اسمبلی نارائن کوچے آشھاڑھی ایکادشی کے موقع پر پنڈھرپور میں شری وٹھل۔رکمنی کے درشن کے لیے اپنے قافلے کے ساتھ اورنگ آباد سے روانہ ہوئے تھے۔ سفر کے دوران جامکھیڑا پھاٹا کے قریب ان کے قافلے میں شامل ایک فورچیونر کار شدید حادثے کا شکار ہو گئی۔ تاہم نارائن کوچے خود اس گاڑی میں موجود نہیں تھے۔جس فورچیونر گاڑی کو حادثہ پیش آیا، اس میں رکن اسمبلی کے سیکیورٹی گارڈ، ڈرائیور اور ان کا ایک ساتھی سفر کر رہے تھے۔ حادثے میں تینوں افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر کلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ کلاوتی اسپتال کے ڈاکٹر ڈاکٹر امیش جادھو کے مطابق زخمیوں کا علاج جاری ہے اور فی الحال تینوں کی حالت مستحکم ہے۔رکن اسمبلی نارائن کوچے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتخابی حلقے کے عوام کی دعاؤں اور پانڈورنگ کے آشیرواد سے اس حادثے میں کسی کی جان نہیں گئی۔پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے واقعے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande