
نئی دہلی، 2 جولائی (ہ س): قومی حقوق انسانی کمیشن (این ایچ آر سی) نے کولکاتا میں اس واقعہ کا از خود نوٹس لیا ہے جہاں زیر تعمیر عمارت کے گرنے سے پانچ مزدوروں کی موت ہو گئی اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔ کمیشن نے ریاست کے چیف سکریٹری، کولکتہ پولیس کمشنر اور میونسپل کمشنر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 جون کو تعمیراتی مقام پر 40 کے قریب مزدور موجود تھے جب ایک زیر تعمیر گودام کے لوہے کے فریم ورک کا کنکریٹ کا ڈھانچہ اچانک منہدم ہو گیا جس سے کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔ الزام ہے کہ منظور شدہ بلڈنگ پلان میں خامیوں کی وجہ سے یہ سانحہ پیش آیا۔
کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ رپورٹ میں تحقیقات کی صورتحال کے ساتھ ساتھ مرنے والوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کو فراہم کیے جانے والے معاوضے کی تفصیلات بھی شامل کی جائیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد