
ہائی سیکیورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ نہ ہونے پر جرمانہ لازمی، پونے میں 15 دن میں 2684 گاڑیوں کے خلاف کارروائیپونے، 19 جولائی (ہ س)۔ ہائی سیکیورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ (ایچ ایس آرپی) نصب کرنے کی مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد پونےعلاقائی ٹرانسپورٹ محکمہ نے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ مدت ختم ہونے کے بعد یکم جولائی سے 15 جولائی تک صرف 15 دنوں میں ایچ ایس آر پی کے بغیر چلنے والی 2684 گاڑیوں کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔علاقائی ٹرانسپورٹ محکمہ کی وایوویگ ٹیم ایچ ایس آر پی کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کی خصوصی جانچ کر رہی ہے۔ موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ہر خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالک پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ صرف جرمانہ ہی نہیں بلکہ ایچ ایس آر پی کے بغیر گاڑیوں سے متعلق متعدد سرکاری خدمات بھی عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔ ان خدمات میں گاڑی کی ملکیت کی منتقلی، رہن یا قرض کا اندراج یا اس میں تبدیلی، گاڑی کی دوبارہ رجسٹریشن، گاڑی میں تبدیلیوں کی منظوری اور رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی تجدید سمیت دیگر متعلقہ سہولیات شامل ہیں۔
تاہم علاقائی ٹرانسپورٹ محکمہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جن گاڑی مالکان نے 30 جون سے قبل ایچ ایس آر پی نصب کرانے کے لیے درخواست جمع کرا دی تھی، ان کے خلاف یہ کارروائی نہیں کی جائے گی۔ محکمہ کے مطابق پونے ڈویژن میں اب تک 9 لاکھ 56 ہزار 347 گاڑیوں پر ہائی سیکیورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ نصب کی جا چکی ہے، جبکہ 11 لاکھ 69 ہزار 23 گاڑی مالکان نے ایچ ایس آر پی کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ ان میں سے 11 لاکھ 63 ہزار 333 درخواست گزاروں کو پلیٹ نصب کرانے کے لیے اپائنٹمنٹ بھی جاری کی جا چکی ہے۔پونے علاقائی ٹرانسپورٹ محکمہ کے دائرہ اختیار میں تقریباً 24 لاکھ 28 ہزار گاڑیوں پر ایچ ایس آر پی نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یکم اپریل 2019 سے پہلے رجسٹر ہونے والی تمام پرانی گاڑیوں پر ہائی سیکیورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ لگانا قانونی طور پر لازمی ہے، جبکہ اس تاریخ کے بعد رجسٹر ہونے والی نئی گاڑیاں پہلے ہی ایچ ایس آر پی کے ساتھ سڑکوں پر لائی جاتی ہیں۔علاقائی ٹرانسپورٹ محکمہ نے تمام گاڑی مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی گاڑیوں پر ہائی سیکیورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ نصب کرائیں تاکہ جرمانے، قانونی کارروائی اور مختلف ٹرانسپورٹ خدمات کی معطلی سے بچا جا سکے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے