
سیوان، 19 جولائی (ہ س)۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ پورن کمار جھا نے استغاثہ کے کام میں لاپرواہی برتنے اور جائزہ میٹنگوں میں غیر حاضری کے الزام میں پانچ تھانہ انچارجوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ایک دن کی تنخواہ میں کٹوتی کا حکم دیا ہے۔ ایس پی کے اس اقدام سے محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی ہے۔17 جولائی کو کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں منعقدہ آرمس ایکٹ سے متعلق معاملوں پر ایک جائزہ میٹنگ میں، ایس پی نے زیر التوا مقدمات کی پیش رفت، تحقیقات کی صورتحال، ملزمین کی گرفتاری اور پراسیکیوشن کے عمل کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ تفتیش اور پراسیکیوشن کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرکے زیر التواء مقدمات کو بروقت نمٹانے کو یقینی بنایا جائے تاکہ مجرموں کو جلد سے جلد سزا دی جاسکے۔
میٹنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ درولی، برہڑیا، جی بی نگر ، سسوان اور چین پور کے تھانہ انچا رج پیشگی اجازت کے بغیر غائب تھے۔ اس کو سنگین بے ضابطگی سمجھتے ہوئے ایس پی نے درولی تھانہ انچارج ابھینو دوبے، برہڑیا تھانہ انچارج چھوٹن کمار کو معطل کردیا۔ سٹی تھانہ انچارج راجیش کمار سنگھ، سسوان تھانہ انچارج چترنجن کمار اور چین پور تھانہ انچارج وجے رنجن کی ایک دن کی تنخواہ میں کٹوتی کا حکم جاری کیا گیا۔ایس پی پورن کمار جھا نے تمام تھانوں کے افسران کو متنبہ کیا کہ اگر وہ کسی بھی سرکاری یا جائزہ اجلاس میں پیشگی اجازت کے بغیر غیر حاضر رہے تو سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے تمام تھانہ انچارجوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ آرمس ایکٹ کے تحت مقدمات کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور زیر التوا مقدمات کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan