
بھوپال، 19 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں مانسون کی سرگرمیاں ایک بار پھر فعال ہیں۔ اگلے 24 گھنٹوں کے لیے چھترپور اور پنا اضلاع میں بھاری بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جبل پور اور گوالیار ڈویژن سمیت ریاست کے 34 اضلاع میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وہیں بھوپال، اندور اور اجین سمیت کئی اضلاع میں موسم معمول کے مطابق اور صاف رہنے کا اندازہ ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ریاست کے آس پاس چار گردابی سرکولیشن اور ایک ٹرف سسٹم سرگرم ہیں۔ اسی وجہ سے ہفتے کے روز بھوپال، نرمدا پورم سمیت کئی علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش درج کی گئی۔ محکمہ کا اندازہ ہے کہ اتوار کے روز بھی ریاست کے کئی حصوں میں ایسا ہی موسم بنا رہے گا۔
آج جن اضلاع میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے، ان میں رائسین، ودیشا، نرمدا پورم، بیتول، گوالیار، شیو پور، مرینا، بھنڈ، دتیا، شیوپوری، گنا، اشوک نگر، جبل پور، کٹنی، نرسنگھ پور، چھندواڑا، پانڈھرنا، سیونی، بالاگھاٹ، منڈلا، ڈنڈوری، ریوا، ستنا، سیدھی، سنگرولی، مئوگنج، مہر، شہڈول، امریا، انوپ پور، ساگر، دموہ، ٹیکم گڑھ اور نیواڑی شامل ہیں۔ دوسری طرف بھوپال، راج گڑھ، سیہور، ہردا، اندور، جھابوا، علی راج پور، دھار، برہان پور، بڑوانی، کھنڈوا، کھرگون، اجین، نیوچ، مندسور، رتلام، آگر-مالوہ، شاجا پور اور دیواس میں موسم صاف رہنے کا امکان ہے۔
ریاست میں گزشتہ نو دنوں کے دوران کسی بھی ضلع میں بھاری یا بہت بھاری بارش درج نہیں کی گئی ہے۔ اس کا اثر کل بارش کے اعداد و شمار پر بھی دکھائی دے رہا ہے۔ ہفتے کے روز تک مدھیہ پردیش میں معمول سے 15 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔ اب تک ریاست میں 247 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، جبکہ معمول کا عدد 291 ملی میٹر ہے۔
مشرقی مدھیہ پردیش میں معمول سے 26 فیصد کم بارش درج کی گئی ہے، جبکہ مغربی حصے میں بھی بارش 5 فیصد کم رہی۔ سب سے زیادہ بارش دیواس ضلع میں ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں معمول سے 102 فیصد زیادہ پانی گر چکا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق یہاں اب تک تقریباً 18 انچ بارش ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ ہردا میں 15 انچ، اندور اور سیہور میں 14-14 انچ جبکہ بھوپال میں 13.1 انچ بارش درج کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن