
پونے، 19 جولائی (ہ س): فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے بلڈ بینکوں اور بلڈ اسٹوریج مراکز میں قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کی جانچ کے لیے چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے پونے ضلع کے 10 بلڈ بینکوں اور 6 بلڈ اسٹوریج مراکز کے لائسنس معطل کر دیے ہیں۔ اپریل سے جون 2026 کے درمیان کی گئی اس کارروائی میں متعدد مقامات پر سنگین بے ضابطگیاں سامنے آنے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔
ایف ڈی اے کے مطابق اسی تین ماہ کی مدت کے دوران ریاست بھر میں مجموعی طور پر 23 بلڈ بینکوں اور 15 بلڈ اسٹوریج مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ان میں سے 21 بلڈ بینکوں اور 13 بلڈ اسٹوریج مراکز کے لائسنس معطل کیے گئے، جبکہ 2 بلڈ بینکوں اور 2 بلڈ اسٹوریج مراکز کے لائسنس مستقل طور پر منسوخ کر دیے گئے۔
پونے کے آؤندھ ضلع اسپتال میں واقع میٹرو بلڈ سینٹر کے معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ منظور شدہ ٹیکنیکل سپروائزر کی عدم موجودگی کے باوجود خون کے اجزا تیار کیے جا رہے تھے۔ اس کے علاوہ خون سے متعلق ریکارڈ نامکمل پایا گیا، پلیٹ لیٹس کے نمونوں کی لازمی جانچ نہیں کی گئی تھی، بعض خون کی تھیلیوں پر لازمی معلومات درج نہیں تھیں اور آلات کو جراثیم سے پاک کرنے کے دوران درجہ حرارت کا ریکارڈ بھی محفوظ نہیں رکھا جا رہا تھا۔ ان سنگین خلاف ورزیوں کے باعث متعلقہ بلڈ سینٹر کا لائسنس معطل کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ دیہو روڈ کے ومل چیریٹیبل ٹرسٹ، منگل وار پیٹھ کے کی۔ مدھوکر سکھارام بیڈکر بلڈ سینٹر، راستہ پیٹھ کے پونا سیرولوجیکل انسٹی ٹیوٹ اور شیرور کے اوم بلڈ سینٹر کے لائسنس بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔
بلڈ اسٹوریج مراکز کے خلاف کارروائی کے تحت وشرانت واڑی کے ونود میموریل ہاسپٹل، لوہگاؤں کے سائی شردھا بلڈ اسٹوریج سینٹر، اورولی کانچن کے شری سدھی ونائک کریٹیکل کیئر، بوری پاردھی تعلقہ داؤنڈ کے نیرامئے سپر اسپیشالٹی ہاسپٹل اینڈ کینسر سینٹر، بارو تعلقہ جنر کے یشونت راؤ چوہان ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل اور شیواجی نگر کے پرتھما بلڈ اسٹوریج سینٹر کے لائسنس بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔
ایف ڈی اے نے بوری پاردھی تعلقہ داؤنڈ کے پاٹل ہاسپٹل بلڈ اسٹوریج سینٹر کا لائسنس مستقل طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ خون جمع کرنے، اس کی جانچ، محفوظ رکھنے اور تقسیم کے عمل میں کسی بھی قسم کی لاپروائی یا قواعد کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور اس کارروائی کے ذریعے تمام اداروں کو سخت پیغام دیا گیا ہے کہ مریضوں کی جان سے متعلق معاملات میں معیار اور ضابطوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے