
عوامی میٹنگ کے دوران بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری پہنچے، مائیک لے کر کہا- نظریہ الگ، لیکن رشتے پرانے ہیں
دتیا، 19 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں دتیا اسمبلی ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران اتوار کے روز چرولا گاوں میں انتخابی حریفوں کے درمیان ہم آہنگی کا ایک انوکھا منظر دیکھنے کو ملا۔ کانگریس کے صوبائی صدر جیتو پٹواری کانگریس امیدوار کنور گھنشیام سنگھ کی حمایت میں عوامی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اسی دوران بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری گاوں میں عوامی رابطہ کرتے ہوئے وہاں پہنچے۔
آشوتوش تیواری نے دور سے ہی جیتو پٹواری کو نمسکار کیا اور آگے بڑھنے لگے۔ اس پر جیتو پٹواری نے اسٹیج سے انہیں آواز دیتے ہوئے کہا، ’’ارے، پاس آ کر ملو... اتنی دور سے کیوں جا رہے ہو؟ ایسے نہیں چلے گا۔‘‘ اس کے بعد آشوتوش تیواری اسٹیج کے پاس پہنچے۔ اسٹیج پر پہنچنے کے بعد جیتو پٹواری نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’آپ پہلی بار یہاں انتخاب لڑنے آئے ہیں۔ اس سے پہلے تو کبھی آئے نہیں۔ پھر بھی دور دور سے جاو گے تو کیسے چلے گا؟‘‘
اس دوران آشوتوش تیواری نے جیتو پٹواری کے ہاتھ سے مائیک لیا اور میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہمارا نظریہ الگ الگ ہے، لیکن ہمارے خاندانوں کے رشتے بہت پرانے ہیں۔ میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو اپنا مہر و محبت دیں۔ سر جھکا کر آپ سب کے آشیرواد کی امید کرتا ہوں۔‘‘
آشوتوش کے خطاب کے بعد جیتو پٹواری نے پھر مائیک سنبھالتے ہوئے کہا، ’’ایک منٹ آشوتوش جی... ووٹ اور حمایت مانگنا آپ کا حق ہے۔‘‘
اسی درمیان جب آشوتوش وہاں سے جانے لگے تو جیتو نے انہیں روکتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میٹنگ میں موجود لوگوں سے پوچھا تھا کہ کیا انہوں نے آشوتوش تیواری کو اس سے پہلے گاوں میں دیکھا ہے، لیکن کسی نے ہاتھ نہیں اٹھایا۔ اس پر آشوتوش تیواری نے جواب دیا، ’’سب کو معلوم ہے، میں یہیں کا رہنے والا ہوں۔ یہیں میرا گھر ہے اور بچپن سے یہیں ہوں۔‘‘ اتنا کہہ کر وہ وہاں سے آگے بڑھ گئے۔
اس پورے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ انتخابی ماحول کے درمیان دونوں لیڈروں کی اس غیر رسمی ملاقات اور اسٹیج سے ہوئی بات چیت موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ کئی لوگ اسے جمہوری ہم آہنگی کی مثال قرار دے رہے ہیں، جبکہ کئی اسے انتخابی مہم کا ایک دلچسپ لمحہ مان رہے ہیں۔
دتیا اسمبلی ضمنی انتخاب میں کانگریس نے کنور گھنشیام سنگھ کو امیدوار بنایا ہے۔ ان کی حمایت میں صوبائی کانگریس صدر جیتو پٹواری سمیت پارٹی کے کئی سینئر لیڈر لگاتار عوامی میٹنگیں کر رہے ہیں۔ وہیں بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری کے حق میں بھی پارٹی کے سینئر لیڈر اور عہدیداران لگاتار عوامی رابطہ اور انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ ایسے میں انتخابی مقابلے کے بیچ دونوں لیڈروں کی یہ ملاقات پورے ضلع میں موضوعِ بحث بن گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن