ناندیڑ خودکشی معاملے میں نیا موڑ، پولیس کا دعویٰ، استاد نے خودکشی سے قبل اپنے دونوں بچوں کو کیا تھا قتل
ناندیڑ ، 19 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع میں تین روز قبل ضلع پریشد کے ایک استاد کی اپنے دو بچوں سمیت مبینہ خودکشی کے معاملے میں اہم نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ پولیس کی تازہ تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، ابتدائی شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ
CRIME MAHA TEACHER SUICIDE CASE


ناندیڑ ، 19 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع میں تین روز قبل ضلع پریشد کے ایک استاد کی اپنے دو بچوں سمیت مبینہ خودکشی کے معاملے میں اہم نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ پولیس کی تازہ تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، ابتدائی شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ استاد نے خودکشی سے پہلے اپنے دونوں بچوں، سارا اور سُمیدھ، کو تیز دھار ہتھیار سے قتل کیا تھا۔ اس کے بعد دونوں بچوں کی لاشیں کار میں رکھ کر گاڑی کو دریائے گوداوری میں گرا دیاتھا، جس کے بعد میں اس کی بھی موت ہو گئی۔ اس معاملے کی تفتیش ناندیڑ پولیس کر رہی ہے۔

اس مقدمے کی تحقیقات کرنے والے ایک پولیس افسر نے اتوار کو بتایا کہ 16 جولائی کو ضلع پریشد اسکول، پوٹا، تعلقہ ہمایت نگر میں تعینات 42 سالہ استاد سنیل مورے نے اپنی کار دریائے گوداوری میں گرا دی تھی۔ واقعے سے قبل سنیل مورے نے اپنے اعلیٰ افسران پر مبینہ ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی تھی، جس کے بعد اس واقعے پر ریاست بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ سوشل میڈیا پوسٹ کو بنیاد بناتے ہوئے پولیس نے ابتدائی طور پر چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ان میں گروپ ایجوکیشن آفیسر کشن پھولے، ایکسٹینشن آفیسر سوریہ کانت بچے، سینٹر ہیڈ شیواجی قدم اور ساتھی استاد دتہ پاولے شامل ہیں۔ ان پر سنیل مورے کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے کار سمیت تینوں لاشیں دریائے گوداوری سے برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی تھیں۔ اتوار کو موصول ہونے والی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ سنیل مورے کے دونوں بچوں کی موت تیز دھار ہتھیار سے قتل کیے جانے کے باعث ہوئی، جبکہ خود سنیل مورے کی موت دم گھٹنے سے واقع ہوئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ناندیڑ پولیس نے مقدمے کی تفتیش کا رخ تبدیل کر دیا ہے۔ اب پولیس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ سنیل مورے نے مبینہ طور پر اپنے دونوں بچوں کو قتل کیوں کیا۔ اس سلسلے میں ان کے رشتہ داروں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کے پس منظر اور ممکنہ محرکات کا پتہ چل سکے۔

اس کے ساتھ ہی ضلع پریشد اسکول میں سنیل مورے کے ساتھ مبینہ ہراسانی اور دفتری دباؤ کے الزامات کی بھی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande