
پونے، 19 جولائی (ہ س)۔ پونے حلقہ میں بجلی چوری پرقابو پانے کے لیے مہاوترن کی جانب سے چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران صرف 15 دنوں میں 1281 بجلی چوری کے معاملات بے نقاب ہوئے، جن کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ اس مہم کے دوران مجموعی طور پر 3 لاکھ 40 ہزار 730 یونٹ بجلی کی چوری سامنے آئی، جبکہ متعلقہ افراد سے 81 لاکھ 55 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ مہاوترن نے خبردارکیا ہے کہ جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے والوں کے خلاف بھارتیہ الیکٹریسٹی ایکٹ 2003 کے تحت فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔مہاوترن کے ڈائریکٹر (آپریشن) دھننجے آؤنڈیکر کی ہدایت اورچیف انجینئرسنیل کاکڑے کی قیادت میں یکم جولائی سے 16 جولائی تک یہ خصوصی مہم چلائی گئی۔ مہم کے دوران میٹر میں چھیڑ چھاڑ، براہ راست تار یا کیبل ڈال کر بجلی چوری کرنے اور غیر مجاز طور پر بجلی استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران راستہ پیٹھ ڈویژن میں سب سے زیادہ 375 مقدمات سامنے آئے۔ اس علاقے میں 90 ہزار 799 یونٹ بجلی کی چوری کا انکشاف ہوا، جبکہ متعلقہ افراد پر مجموعی طور پر 23 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔پونے دیہی علاقے میں 580 بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ 36 ہزار 930 یونٹ بجلی کی چوری پکڑی گئی۔ ان مقدمات میں مجموعی طور پر 29 لاکھ 82 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح گنیش کھنڈ ڈویژن میں 326 مقدمات درج کیے گئے، جہاں ایک لاکھ 13 ہزار ایک یونٹ بجلی کی چوری بے نقاب ہوئی۔ اس سلسلے میں متعلقہ افراد پر مجموعی طور پر 28 لاکھ 42 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔مہاوترن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مجاز بجلی کنکشن ہی استعمال کریں اور اگر کہیں بجلی چوری کی اطلاع ملے تو فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو آگاہ کریں، تاکہ بجلی چوری پر مؤثر طریقے سے قابو پایا جا سکے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے