
حیدرآباد ،19 جولائی (ہ س)۔ شہرکے بورہ بنڈہ پولیس اسٹیشن کے حدودمیں ایک ہی دن میں چارافراد کے لاپتہ ہونے کے الگ الگ واقعات سامنے آنے کے بعد افراد خاندان میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ پولیس نے چاروں معاملات میں گمشدگی کے مقدمات درج کرکے تفتیش اورتلاش کاعمل شروع کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق، چنتل،دوارکا نگرکے رہائشی گنگاجی اروند کی شکایت پران کے19سالہ بھانجے سمیت بھارت لنکاپورے کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ درج کیاگیاہے۔ سمیت،ایراگڈہ کے پدماوتی مینزپی جی ہاسٹل میں مقیم تھا۔ بتایاگیاہے کہ وہ16 جولائی کی رات اپنابیگ لے کرہاسٹل سے نکلا،لیکن اس کے بعدواپس نہیں آیا۔اہل خانہ نے رشتہ داروں اوردوستوں کے یہاں تلاش کی،تاہم اس کا کوئی سراغ نہیں ملا، جبکہ اس کا موبائل فون بھی بندآرہاہے۔ ایک اورواقعے میں ایراگڈہ کے شنکرلال نگرکے رہائشی ایم دنیش کمار(33)گھریلوجھگڑے کے بعدگھرسے چلے گئے۔ ان کی اہلیہ پرسوناکے مطابق،گھرچھوڑنے کے کچھ دیربعددنیش نے موبائل پرایک پیغام بھیجا جس میں لکھاتھا،شاید یہ میرا آخری پیغام ہے،میں واپس نہیں آؤں گا۔ اس پیغام کے بعداہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ تیسرے واقعے میں ای ایس آئی ہاسپٹل میں ہیلپرکے طورپرکام کرنے والے شیخ شعیب نے اپنی 19 سالہ اہلیہ شیخ ذکیراکے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ 17 جولائی کو ڈیوٹی سے گھر واپس آنے پران کی اہلیہ گھر میں موجود نہیں تھیں۔رشتہ داروں اورجاننے والوں کے یہاں تلاش کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ چوتھا واقعہ وقار آباد ضلع کے تانڈور سے تعلق رکھنے والے اببانی جگدیشور(28)کاہے،جوایراگڈہ مینٹل ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے۔ ان کے بھائی ونئے کمار نے پولیس کو اطلاع دی کہ 18 جولائی کی رات جگدیشورہاسپٹل سے نکل گئے اوراس کے بعدسے ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ بورہ بنڈہ پولیس نے چاروں واقعات میں گمشدگی کے مقدمات درج کرلیے ہیں اورلاپتہ افرادکی تلاش کےلیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے کرتحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگرکسی کوان افراد کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا بورہ بنڈہ پولیس سے رابطہ کریں۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق