
فرانس کراچی میں واقع اپنا قونصلیٹ مستقل طور پر بند کرے گا
پیرس/کراچی، 18 جولائی (ہ س)۔ فرانس نے پاکستان کے کراچی میں واقع اپنے قونصلیٹ کو مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ قدم بجٹ میں کٹوتی اور دنیا بھر میں اپنے سفارتی نیٹ ورک کو چھوٹا کرنے کی پالیسی کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ کراچی میں فرانس کے قونصل جنرل الیکسس شاہتاہتنسکی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قونصلیٹ کے بند ہونے کے باوجود پاکستان کے ساتھ فرانس کے سفارتی اور دوطرفہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اب آگے تمام سفارتی اور قونصلر خدمات کا انتظام اسلام آباد میں واقع فرانسیسی سفارت خانے کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کراچی میں الائنس فرانسس (فرانسیسی ثقافتی مرکز) اور پاکستان-فرانس بزنس الائنس اپنی سرگرمیاں پہلے کی طرح جاری رکھیں گے۔ اس سے ثقافتی تبادلے، تعلیمی تعاون اور کاروباری رابطوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
فرانس حالیہ برسوں میں اپنے عالمی سفارتی ڈھانچے کا جائزہ لے رہا ہے اور اخراجات میں کمی لانے کے مقصد سے کئی ممالک میں اپنے قونصلر نیٹ ورک کی تنظیمِ نو کر رہا ہے۔ کراچی میں واقع قونصلیٹ کو بند کرنے کا فیصلہ بھی اسی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ مانا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن