
اسلام آباد ، 17 جولائی (ہ س)۔ پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے جمعرات کو ضلع بنوں میں ٹارگٹڈ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا، ان سے رائفلیں اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کر لیا۔
دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق فوجیوں کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ اس کے بعد ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں پانچ مشتبہ دہشت گرد مارے گئے ، جب کہ متعدد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقابلے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ مارے گئے جنگجو کی شناخت کا کام جاری ہے۔ ان کے قبضے سے پانچ کلاشنکوف اسالٹ رائفلز ، دس میگزینز ، پانچ بینڈولیئرز ، دو دستی بم اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ عسکریت پسندوں کی مدد کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan