
نئی دہلی، 17 جولائی (ہ س)۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ میں مقامی برادریوں کی شراکت کو یقینی بنائے بغیر تحفظ کی کوششیں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ جب کمیونٹیز خود جنگل کے تحفظ میں شراکت دار بن جاتی ہیں، تو اقدامات زیادہ موثر اور دیرپا ہو جاتے ہیں۔
جمعہ کو راشٹرپتی بھون کلچرل سنٹر میں انڈین فارسٹ سروس (آئی ایف ایس) کے ٹرینی افسران سے ملاقات کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہاکہ آئی ایف ایس افسران محض جنگلات کے منتظم نہیں ہیں بلکہ ملک کے قدرتی ورثے کے محافظ ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی اور حیاتیاتی تنوع کے نقصان جیسے عالمی چیلنجوں کے درمیان ان کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ نوجوان افسروں پر زور دیتے ہوئے کہ وہ خاص طور پر جنگلات کے احاطہ کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کریں، انہوں نے کہا کہ جنگلات زمین پر زندگی کی بنیاد ہیں۔
صدر نے ماحولیاتی تحفظ اور جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی جائز خواہشات کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترقی اور تحفظ کو متضاد کی بجائے تکمیلی طور پر دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ایسے حل تیار کریں جس سے فطرت اور مقامی کمیونٹی دونوں یکساں طور پر خوشحال ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی برادریوں، جنگل میں رہنے والوں، خواتین، کسانوں اور مقامی اداروں کے خیالات اور خدشات کو سمجھنا بہتر فیصلہ سازی میں سہولت فراہم کرے گا۔ تحفظ، جنگلات کی بحالی اور ذریعہ معاش سے متعلق پروگراموں میں عوامی شراکت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس سے جنگلات کے تحفظ کی کوششوں کو مزید پائیدار بنایا جائے گا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ عوامی خدمت کا مقصد لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانا اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک 'وکست بھارت' (ترقی یافتہ ہندوستان) کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ماحولیاتی تحفظ بہت اہم ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نوجوان آئی ایف ایس افسران ملک کی سبز، جامع اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ انڈین فاریسٹ سروس کے 2024 اور 2025 بیچ کے ٹرینی افسران فی الحال دہرادون میں اندرا گاندھی نیشنل فارسٹ اکیڈمی میں پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ 2024 بیچ میں 111 ٹرینی افسران، جب کہ 2025 بیچ میں 131 شامل ہیں۔ بھوٹان کے دو ٹرینی افسران بھی ان میں سے ہر ایک بیچ میں زیر تربیت ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی