مرشد آباد میں اسکول وین لوکل ٹرین سے ٹکرا گئی؛ تین بچوں سمیت چار ہلاک ، متعدد زخمی
کولکاتا/مرشد آباد، 17 جولائی (ہ س)۔ مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں جمعہ کی صبح اسکول وین کے لوکل ٹرین سے ٹکرانے سے تین اسکولی بچوں سمیت چار افراد کی موت ہوگئی اور وین ڈرائیور کے ساتھ تین دیگر بچے شدید زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو مرشد آباد میڈیکل ک
حادثہ


کولکاتا/مرشد آباد، 17 جولائی (ہ س)۔ مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں جمعہ کی صبح اسکول وین کے لوکل ٹرین سے ٹکرانے سے تین اسکولی بچوں سمیت چار افراد کی موت ہوگئی اور وین ڈرائیور کے ساتھ تین دیگر بچے شدید زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو مرشد آباد میڈیکل کالج اور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

حادثہ صبح 7 بجے کے قریب عظیم گنج-کٹوا ریل سیکشن پر کرنسوورن اسٹیشن اور گووند پور ریلوے کراسنگ کے درمیان پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نمتیتا-کٹوا لوکل ٹرین 'ڈاو¿ن' لائن پر آرہی تھی۔ اس سے کچھ دیر پہلے ہاوڑہ جانے والی نودویپ ایکسپریس 'اپ' لائن سے گزری تھی۔ الزام ہے کہ ایکسپریس ٹرین گزرنے کے بعد بھی ریلوے کراسنگ پھاٹک بند نہیں کیا گیا۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ پھاٹک کھلا دیکھ کر اسکول وین پٹریوں کو عبور کر رہی تھی کہ اسی دوران تیز رفتار نمتیتا-کٹوا لوکل ٹرین اس سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

اسکول کے تین بچے اور ایک مقامی باشندے کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریلوے حکام فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے تینوں شدید زخمی بچوں اور وین ڈرائیور کو نکال کر مرشد آباد میڈیکل کالج اور اسپتال بھیج دیا۔

کچھ عینی شاہدین نے الزام لگایا کہ گیٹ مین اس وقت نشے میں تھا۔ تاہم ان الزامات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس اور ریلوے انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ریلوے کی انکوائری ٹیم بھی جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ حکام حادثے کے ارد گرد کے حالات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا اس میں کوئی لاپرواہی تو نہیں تھی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande