
بھوپال میں ہندو تنظیموں نے مشتبہ گوشت سے بھرا آٹو پکڑا، ڈرائیور فرار، پولیس نے جانچ کے لیے سیمپل بھیجے
بھوپال، 17 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے نشاط پورہ تھانہ علاقے میں جمعہ کے روز علی الصبح بجرنگ دل اور وی ایچ پی کارکنوں نے مشتبہ گوشت سے بھرا ایک آٹو رکشہ پکڑا ہے۔ پولیس نے گاڑی اور گوشت کو ضبط کر کے جانچ کے لیے سیمپل لیب بھیج دیے ہیں۔ ساتھ ہی پولیس کی ایک ٹیم فرار ڈرائیور اور دیگر مشتبہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔
معلومات کے مطابق، بھوپال کے نشاط پورہ تھانہ کے تحت کمل نگر علاقے میں جمعہ کے روز علی الصبح بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے کارکنوں نے ایک آٹو کو مشتبہ حالت میں جاتے دیکھا۔ کارکنوں کو پہلے سے ہی اس سلسلے میں معلومات ملی تھیں، جس کی بنیاد پر انہوں نے صبح تقریباً 3.00 بجے علاقے میں گھیرا بندی کر دی۔ خود کو گھرتا دیکھ کر آٹو کا ڈرائیور بیچ راستے میں ہی گاڑی کو چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ جب کارکنوں نے لاوارث کھڑے آٹو رکشہ کی تلاشی لی، تو اس کی پچھلی سیٹ پر پیلے رنگ کے ترپال میں بندھا ہوا مشتبہ گوشت برآمد ہوا۔ ہندو تنظیموں کے کارکنوں نے الزام لگایا کہ آٹو میں لے جایا جا رہا گوشت گائے کا ہے۔ انہوں نے اس پورے نیٹ ورک سے جڑے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نشاط پورہ تھانہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر آٹو سمیت پورے گوشت کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گوشت کس جانور کا ہے، یہ پوری طرح واضح کرنے کے لیے اس کے سیمپل فوری طور پر فارنسک جانچ لیب بھیج دیے گئے ہیں، جس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
اسی دوران، پولیس جب آٹو کے رجسٹریشن نمبر کی بنیاد پر تفتیش کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کے ٹھکانے پر چھاپہ مارنے پہنچی، تو وہاں گھر پر دو گائے بندھی ہوئی ملی۔ کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ ان گایوں کو بھی کاٹنے کی تیاری کی جا رہی تھی، حالانکہ پولیس نے ابھی تک اس دعوے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ڈرائیور اور اس معاملے سے منسلک دیگر ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن