
کولکاتا، 16 جولائی (ہ س): جمعرات کی صبح، اتر پردیش پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے حسن آباد تھانہ علاقے میں واقع رامیشور پور میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رہنما عبداللہ غازی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی مدرسہ کی تعمیر کے لیے بیرون ملک سے فنڈز کی وصولی اور ان فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کی تحقیقات کے ضمن میں کی گئی۔
الزامات کے مطابق مدرسہ کی تعمیر کے لیے عبداللہ غازی کے اکاؤنٹ میں غیر ملکی ذرائع سے کروڑوں روپے جمع کیے گئے۔ ان فنڈز کے استعمال، مالیاتی لین دین اور گرانٹس کے ذرائع کے حوالے سے حکام نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ ان پہلوؤں کی جانچ کے لیے اے ٹی ایس نے تلاشی کاروائی کی اور ان سے پوچھ گچھ کی۔
ذرائع کے مطابق اتر پردیش اے ٹی ایس نے دو سال قبل اسی معاملے میں عبداللہ غازی کو گرفتار کیا تھا۔ معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے، اور یہ تازہ کارروائی حال ہی میں موصول ہونے والی نئی معلومات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
چھاپے کے دوران رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے۔ جائے وقوع پر مقامی پولیس اور انتظامی اہلکار بھی موجود تھے۔ ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ کاروائی کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اہلکار بھی اے ٹی ایس کے ساتھ تھے۔
تاہم ابھی تک اس معاملے کو لے کر اتر پردیش اے ٹی ایس کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد