
نئی دہلی، 16 جولائی (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار میں آج ابتدائی کاروبارمیں اتار چڑھاو کے درمیان تیزی کا رجحان بنا ہوا ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات بھی تیزی کے ساتھ ہوئی۔ بازار کھلنے کے بعد خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان ایک دوسرے پر حاوی ہونے کی کوشش شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کی چال میں اتار چڑھاو ہونے لگا۔ پہلے ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 0.26 فیصد اور نفٹی 0.22 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
شروعاتی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد شیئر بازار کے سرکردہ شیئروں میں سے ایچ سی ایل ٹیکنالوجی، مہندرا اینڈ مہندرا، ٹیک مہندرا، وپرو اور ماروتی سوزوکی کے شیئر 2.38 فیصد سے لے کر 1.41 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب، ایس بی آئی لائف انشورنس، ایچ ڈی ایف سی لائف، بجاج فنسرو، جیو فنانشل اور ایکسس بینک کے شیئر 2.57 فیصد سے لے کر 0.43 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں شیئر بازار میں 2,731 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہو رہی تھی۔ ان میں سے 1,409 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے، جبکہ 1,322 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 21 شیئر خریداری کی حمایت سے سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب نو شیئر فروخت کے دباو میں سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 31 شیئر سبز نشان میں اور 19 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آ رہے تھے۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس آج 202.99 پوائنٹس یعنی 0.26 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 77,388.42 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار کی شروعات ہوتے ہی خریدار اور فروخت کنندگان کے درمیان رسہ کشی شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی چال میں اتار چڑھاو ہونے لگا۔ خریداری کی حمایت سے سینسیکس 77,514.30 پوائنٹس تک اچھل گیا، وہیں فروخت کا دباو بننے پر اس نے 77,276.52 پوائنٹس کی سطح تک غوطہ بھی لگایا۔ راحت کی بات یہ رہی کہ فروخت کا دباو بننے کے باوجود یہ انڈیکس مسلسل سبز نشان میں ہی کاروبار کرتا رہا۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد صبح 10.15 بجے سینسیکس 201.32 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 77,386.75 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے آج 63.60 پوائنٹس یعنی 0.26 فیصد کے اضافے کے ساتھ 24,142.10 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلنے کے بعد اس انڈیکس کی چال میں بھی اتار چڑھاو ہونے لگا۔ خریداری کی حمایت سے نفٹی بڑھ کر 24,167.40 پوائنٹس تک پہنچا، وہیں فروخت کا دباو بننے پر یہ انڈیکس 24,097.05 پوائنٹس کی سطح تک گر بھی گیا۔ کاروبار کے دوران فروخت کا دباو بننے کے باوجود یہ انڈیکس بھی مسلسل سبز نشان میں ہی کاروبار کرتا رہا۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان نفٹی 53.90 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 24,132.40 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن