


وزیرِ اعلیٰ نے بھارت منڈپم میں بھارت ٹیکس-2026 پروگرام سے خطاب کیا، سرمایہ کاروں کو صنعتیں قائم کرنے کی دعوت دی
بھوپال، 16 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ہر شعبے میں ترقی کر رہا ہے۔ مدھیہ پردیش ٹیکسٹائل اور گارمنٹ سیکٹر میں دستیاب وسائل کے بہتر انتظام کے ذریعے کپڑا پیداوار اور روزگار دونوں کو فروغ دے رہا ہے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری سے ریاست کی معیشت کو مضبوطی مل رہی ہے۔
یہ بات وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے جمعرات کے روز نئی دہلی میں واقع بھارت منڈپم میں بھارت ٹیکس-2026 کے تحت منعقدہ راونڈ ٹیبل مذاکراتی پروگرام میں کہی۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ ٹیکسٹائل گری راج کشور، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے سرکردہ نمائندے، مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل کے حکام اور ریاستی حکومت کے افسران موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے دھار ضلع میں ملک کے پہلے پی ایم مترا پارک کا سنگِ بنیاد رکھا ہے۔ اس سے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر 3 لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا اور مالوا-نیماڑ خطے کے 6 لاکھ سے زیادہ کپاس پیدا کرنے والے کسانوں کو بڑا فائدہ پہنچے گا۔ پی ایم مترا پارک سے کھیت سے لے کر گارمنٹ انڈسٹری اور انڈسٹری سے عالمی بازار تک ریاست کی پیداوار کی رسائی آسان ہوگی۔ انہوں نے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو مدھیہ پردیش میں اپنی صنعت قائم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جو ایک بار مدھیہ پردیش آتا ہے وہیں کا ہو کر رہ جاتا ہے۔ ہردے پردیش (ملک کا قلب) تمام صنعت کاروں کا استقبال کر رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ آج بھارت منڈپم میں کپڑا صنعت کا کنبھ منعقد ہو رہا ہے۔ مدھیہ پردیش حکومت، تمام عالمی برانڈز کے نمائندے، سرمایہ کار، صنعت کار، پالیسی ساز اور فیشن ڈیزائنر حکومتِ ہند کے عزم کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔ موجودہ وقت برانڈنگ اور پیکیجنگ کا ہے۔ قدیم زمانے میں لوک ماتا اہلیا بائی ہولکر نے مقامی بنکروں کو روزگار سے جوڑنے کے لیے مہیشوری ساڑیاں تیار کرنے کی شروعات کروائی تھی۔ مہیشوری ساڑیاں موجودہ وقت میں بھی ملک و بیرونِ ملک میں مقبول ہیں۔ چندیری کی ساڑھیاں بھی کپڑا صنعت میں خاص مقام رکھتی ہیں۔ آج بھی خود انحصاری اور روزگار پر مبنی صنعتیں ہماری پہچان ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش اب زری اسٹیٹ، ریشم اسٹیٹ، مین میڈ فائبر اسٹیٹ اور کاٹن کیپیٹل بن چکا ہے۔ ریاست میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹ سیکٹر میں آگے بڑھنے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ ریاست میں بہتر امن و امان، ہنرمند کارکنوں کی کافی دستیابی اور مزدوروں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ایک بہتر صنعتی ماحول فراہم کرتے ہیں۔ ریاستی حکومت نے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں سے کیے اپنے تمام وعدے پورے کیے ہیں۔ تمام سیکٹرز میں صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو سبسڈی کے طور پر ان کے حق کی رقم ڈی بی ٹی کے ذریعے ٹرانسفر کی جا چکی ہے۔ ریاستی حکومت نے مئی 2026 تک کے تمام واجبات ادا کر دیے ہیں۔ ریاستی حکومت نے ڈیڑھ سال میں تقریباً 5500 کروڑ روپے کی رقم صنعت کاروں کو سبسڈی کے طور پر دستیاب کرائی۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش نے گرین انرجی سیکٹر میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ریاست میں سولر اور پمپ اسٹوریج سے تیار ہونے والی بجلی کی وافر دستیابی ہے۔
راونڈ ٹیبل بحث کی شروعات صنعت کے نمائندوں کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ اور مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل کے نمائندوں کے استقبال کے ساتھ ہوئی۔ پرنسپل سکریٹری، صنعتی پالیسی اور سرمایہ کاری کے فروغ راگھویندر کمار سنگھ نے مدھیہ پردیش کے ٹیکسٹائل اور گارمنٹ ایکو سسٹم، سرمایہ کاری کے مواقع، صنعتی پالیسیوں اور دستیاب سہولیات پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل کی ایڈیشنل سکریٹری آرتی کنور نے بھی خصوصی خطاب میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں ریاستوں اور صنعتوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام کی نظامت پرتیما سنٹیکس کے منیجنگ ڈائریکٹر شریسکر چودھری نے کی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے اہم نمائندوں کے ساتھ ون ٹو ون میٹنگ کر کے سرمایہ کاری، پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر اپیرل ایکسپورٹ پروموشن کونسل، مین میڈ اینڈ ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز ایکسپورٹ پروموشن کونسل اور دی کاٹن ٹیکسٹائلز ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے ساتھ تعاون سے متعلق ایم او یو پر دستخط بھی کیے گئے۔
وزیرِ اعلیٰ نے بھارت ٹیکس-2026 میں لگائی گئی نمائش کا مشاہدہ کیا اور ملک کے سرکردہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ راونڈ ٹیبل بحث میں حصہ لیا۔ اس موقع پر مرکزی ٹیکسٹائل سکریٹری نیلم شمی راو اور صنعتی پالیسی و سرمایہ کاری کے فروغ کے پرنسپل سکریٹری راگھویندر سنگھ سمیت مرکز اور ریاست کے حکام موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن