
نئی دہلی، 16 جولائی (ہ س): سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے بدھ کے روز بنگلورو میں مقیم کرناٹک اینٹی بائیوٹکس اینڈ فارماسیوٹیکل لمیٹڈ (کے اے پی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر انوراگ دنایک کو 5 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔
سی بی آئی کے مطابق، دنایک نے بھوپال میں واقع ایک مجاز سروس ایجنٹ فرم سے تقریبا 15 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ رقم موجودہ مالی سال میں سروس ایجنٹ کے معاہدے کی منظوری، اضافی اداروں کو شامل کرنے کے لیے درخواست اور ادویات کی فروخت پر کمیشن میں حصہ کے لیے طلب کی گئی تھی۔ اسے نوئیڈا میں 5 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا، جو طلب کی گئی کل رقم کا حصہ تھا۔
گرفتاری کے بعد سی بی آئی نے بنگلورو، نوئیڈا اور جبل پور میں دنایک کی رہائش گاہ اور دفاتر میں تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران تقریبا 75 لاکھ روپے نقد، 4 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی، 697 گرام سونے کے زیورات اور سکے (تقریبا 86 لاکھ روپے مالیت کے) اور ایک فلیٹ کے دستاویزات برآمد ہوئے۔ معاملے کی تفتیش ابھی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد