
بریلی، 16 جولائی (ہ س) ۔
اترپردیش کے بریلی ضلع کے نواب گنج تھانہ علاقے کے تحت زیر تعمیر ہائی وے پر جمعرات کی صبح تقریباً 7:30 بجے ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہو گئی اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ اسکارپیو پنجاب جا رہی تھی کہ آکسیجن سلنڈروں سے لدے کینٹر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکارپیو مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس سے اس میں سوا ر لوگوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔
پولیس کے مطابق لکھیم پور کھیری کے پلیا کے رہنے والے مکند سنگھ اپنی بیوی بھوپیندر کور اور رشتہ دار سنتوکھ سنگھ، لاڈی سنگھ اور ہرجیت سنگھ کے ساتھ اسکارپیو میں پنجاب جا رہے تھے۔ وہ ایک دورے سے واپس آرہے تھے۔ عنایت پور کے قریب زیر تعمیر ہائی وے پر ان کی گاڑی ایک آنے والے کینٹر سے ٹکرا گئی۔
بھوپندر کور، ہرجیت سنگھ (60) ساکن فتح گڑھ، پنجاب اور سنتوکھ سنگھ (65) ساکن ماچھی واڑہ، لدھیانہ، پنجاب، کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ لاڈی سنگھ اور مکند سنگھ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ایک کی حالت نازک ہونے کے باعث اسے بریلی ریفر کر دیا گیا۔ اس خوفناک حادثے میں اسکارپیو ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں۔
اطلاع ملتے ہی اسٹیشن ہاو¿س آفیسر ارون کمار سریواستو پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس نے راحت اور بچاو¿ کی کارروائیاں کیں، زخمیوں کو اسپتال بھیجا، لاشوں کو قبضے میں لے لیا، اور پنچنامہ مکمل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ حادثے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے درہم برہم رہی تاہم پولیس نے تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹا کر بحال کردیا۔
ایس ایس پی انوراگ آریہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ یہ حادثہ زیر تعمیر یک طرفہ سڑک پر پیش آیا، اور حادثے کی وجہ کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہے۔ ہائی وے پر تعمیراتی مقامات پر حفاظتی انتظامات اور ٹریفک کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ