
صنعاء، 13 جولائی (ہ س)۔ یمن کی فوج نے پیر کے روز حوثی کے زیر قبضہ صنعاء بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے پر حملہ کیا تاکہ ایرانی طیارے کو لینڈنگ سے روکا جا سکے۔ حملے میں رن وے کو نقصان پہنچا۔ حوثی باغیوں نے کچھ عرصہ قبل یمن کے قومی طیارے کو اترنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
ترکی کی سرکاری انادولو ایجنسی اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی صبا نے وزارت دفاع کے حوالے سے کہا ہے کہ حوثی باغیوں نے یمن کے قومی طیارے کو صنعاء ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہیں دی۔ اس کے بعد ایرانی طیارے کو یمنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اترنے کی اجازت دی گئی۔ اس وجہ سے ہوائی اڈے کے رن وے کو نشانہ بنایا گیا۔
حملے سے قبل وزارت دفاع نے شہریوں، ہوائی اڈے کے عملے، سفارتی مشنوں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے اپیل کی تھی کہ وہ اگلے نوٹس تک صنعاء ہوائی اڈے اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو فوری طور پر خالی کر دیں۔
یمن کا دارالحکومت صنعاء ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے زیر تسلط ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت جنوبی شہر عدن سے اپنا انتظام چلاتی ہے اور اسے سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ریاستوں کی حمایت حاصل ہے۔
حوثی باغیوں نے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور جوابی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ حوثی فوج کے ترجمان یحیی ساری نے کہا کہ اس حملے کا کرشنگ جواب دیا جائے گا اور ذمہ دار فریق اس کی قیمت ادا کرے گا۔ تاہم حوثی باغیوں نے بغیر کوئی ثبوت پیش کیے اس حملے کا الزام سعودی عرب پر عائد کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد