
علی گڑھ، 13 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ چھرّا علاقے میں نابالغ بچی کے ساتھ پیش آئے دل دہلا دینے والےعصمت دری کے واقعے کو لے کر سماجوادی پارٹی کی ضلع صدر لکشمی دھنگر کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) علی گڑھ سے ملاقات کی اور متاثرہ بچی کو فوری انصاف، بہتر علاج، خاندان کے تحفظ اور ملزمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
لکشمی دھنگر نے کہا کہ معصوم بچی کے ساتھ پیش آیا یہ انسانیت سوز واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ بچی کا علاج سرکاری خرچ پر اعلیٰ طبی مراکز میں کرایا جائے، متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، مناسب مالی امداد دی جائے اور مقدمے کی سماعت فاسٹ ٹریک عدالت میں کرا کر قصورواروں کو جلد از جلد قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف مثال قائم کرنے والی کارروائی ضروری ہے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی درندہ صفت شخص ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ کر سکے اور عوام کا قانون پر اعتماد برقرار رہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے وفد کو یقین دلایا کہ متاثرہ بچی کا علاج ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں سرکاری خرچ پر کرایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نربھیا فنڈ کے تحت متاثرہ خاندان کو جلد از جلد مالی امداد فراہم کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ مقدمے میں قانون کے مطابق تیز رفتار کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
اس موقع پر وفد میں ریاستی سکریٹری ونود سویتا، ضلع نائب صدر شان میاں، راجیو یادو، ڈاکٹر بادشاہ خان، شاکر انصاری، ضلع سکریٹری محترمہ مادھوری سینی، عدنان خان سمیت دیگر پارٹی عہدیداران اور کسان رہنما بھی موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ