راج ناتھ سنگھ اور نتن گڈکری نے لکھنؤ-کانپور ایکسپریس وے کا افتتاح کیا
لکھنؤ، 13 جولائی (ہ س): وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے پیر کے روز اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں اناؤ میں لکھنؤ-کانپور چھ لین ایکسپریس وے کا افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہردوئ
راج ناتھ سنگھ اور نتن گڈکری نے لکھنؤ-کانپور ایکسپریس وے کا افتتاح کیا


لکھنؤ، 13 جولائی (ہ س): وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے پیر کے روز اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں اناؤ میں لکھنؤ-کانپور چھ لین ایکسپریس وے کا افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہردوئی-لکھنؤ (پیکیج-4) کے 32 کلومیٹر طویل چار لین شاہراہ کا افتتاح اور انجینئرنگ کالج چوراہے پر چار لین فلائی اوور کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔

4,200 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 63 کلومیٹر طویل کانپور-لکھنؤ ایکسپریس وے سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت تین گھنٹے سے کم ہو کر صرف 40 منٹ رہ جائے گا۔ اس سے مسافروں کے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی، آلودگی میں کمی آئے گی اور پرانی قومی شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔

جدید انجینئرنگ معیار کے مطابق تعمیر کیے گئے اس ایکسپریس وے میں تین انٹرچینج، دو فلائی اوور، ایک روڈ اوور برج (آر او بی)، چار بڑے پل، 25 چھوٹے پل، 12 گاڑیوں کے لیے انڈر پاس، 14 ہلکی گاڑیوں کے لیے انڈر پاس، 11 پیدل چلنے والوں کے لیے انڈر پاس اور مسافروں کی سہولت کے لیے دو آرام گاہیں تعمیر کی گئی ہیں۔

سڑکوں کی حفاظت اور ٹریفک کے مؤثر انتظام کے لیے ایکسپریس وے کو جدید ذہین ٹریفک مینجمنٹ نظام (آئی ٹی ایم ایس) سے بھی لیس کیا گیا ہے۔ یہ ایکسپریس وے کسانوں کو اپنی زرعی پیداوار کم وقت میں منڈیوں تک پہنچانے، صنعتوں کو خام مال اور تیار مصنوعات کی تیز تر ترسیل، اور عام شہریوں کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ ایکسپریس وے کے اطراف صنعتی یونٹس، سیاحت، رہائشی منصوبوں اور چھوٹے کاروباروں کو فروغ ملے گا، جس سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ہردوئی-لکھنؤ سرحد سے لکھنؤ رنگ روڈ تک چار لین توسیع

اس منصوبے کے تحت ہردوئی-لکھنؤ سرحد سے لکھنؤ رنگ روڈ تک تقریباً 32 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ کو چار لین میں توسیع دی گئی ہے۔ تقریباً 541 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ مسافروں کو زیادہ محفوظ، تیز رفتار اور آرام دہ سفر فراہم کرے گا اور علاقائی رابطے کو مزید مضبوط بنائے گا۔

دنیا بھر میں مشہور ملیح آباد کے آم پیدا کرنے والے کسانوں کو بھی اپنی پیداوار کم وقت میں ملک اور بیرونِ ملک کی منڈیوں تک پہنچانے کی سہولت ملے گی، جس سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے سے لکھنؤ اور ہردوئی کے درمیان ٹریفک جام میں کمی آئے گی اور سیتاپور روڈ، لکھنؤ روڈ، موہن روڈ اور ہردوئی روڈ سمیت اطراف کی اہم شاہراہوں کا رابطہ بھی مزید بہتر ہوگا، جس سے آمدورفت زیادہ آسان، محفوظ اور ماحول دوست بنے گی۔

انجینئرنگ کالج چوراہے پر چار لین فلائی اوور کا سنگ بنیاد

سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی مرکزی وزارت کے تحت انجینئرنگ کالج چوراہے پر تقریباً ایک کلومیٹر طویل چار لین فلائی اوور 109 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، نتن گڈکری اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس منصوبے سے قومی شاہراہ 24 اے کے دونوں جانب واقع انجینئرنگ، میڈیکل اور لا کالجوں سمیت مختلف تعلیمی اور تجارتی اداروں تک رسائی پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیز اور آسان ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی سیتاپور روڈ، فیض آباد روڈ، جانکی پورم، علی گنج، کرسی روڈ، وکاس نگر، ٹیڑھی پلیا اور خرم نگر جیسے اہم علاقوں کا رابطہ بھی مزید بہتر ہوگا۔ یہ منصوبہ شہر کے ٹریفک نظام کو زیادہ منظم بنانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور شہریوں کو محفوظ اور سہل آمدورفت فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande