
علی گڑھ، 13 جولائی (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی جانب سے اربن ہیلتھ ٹریننگ سینٹر (یو ایچ ٹی سی) میں عالمی یومِ آبادی کے موقع پر 6 تا 11 جولائی خاندانی منصوبہ بندی خدمات اور شادی شدہ جوڑوں کے لئے مشاورتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ سات روزہ پروگرام شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم کی رہنمائی اور یو ایچ ٹی سی کے میڈیکل اِنچارج ڈاکٹر علی جعفر عابدی اور چیف لیڈی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر صبوحی افضال کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ اس کا مقصد صحت سے متعلق آگہی اور انفرادی مشاورت کے ذریعے ذمہ دار والدین بننے کا شعور جاگزیں کرنے، تولیدی صحت سے متعلق باخبر فیصلوں اور آبادی کے استحکام کو فروغ دینا تھا۔
یو ایچ ٹی سی میں شادی شدہ جوڑوں کی رہنمائی کے لیے ایک خصوصی مشاورتی مرکز قائم کیا گیا جہاں خاندانی منصوبہ بندی، مانع حمل طریقوں کے استعمال، بچوں کی پیدائش کے درمیان مناسب وقفہ رکھنے اور تولیدی صحت کے سلسلہ میں مکمل رازداری کے ساتھ مشاورت کی گئی۔ پہلے حمل میں تاخیر، بچوں کی پیدائش کے درمیان مناسب وقفہ برقرار رکھنے، چھوٹے کنبہ کے تصور کو فروغ دینے اور مناسب مانع حمل ذرائع کے باخبر استعمال کی حوصلہ افزائی پر خصوصی زور دیا گیا تاکہ ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنایا جا سکے۔
سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر ارم عابد اور ڈاکٹر شائستہ پروین نے جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر نیشو ملک، ڈاکٹر شافعہ شفیق اور ڈاکٹر آنچل نیگی کے ساتھ مل کر شادی شدہ جوڑوں کو تولیدی صحت، جدید مانع حمل طریقوں، منصوبہ بند حمل اور ذمہ دار والدین بننے کے بارے میں مشورے دئے، ساتھ ہی خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق عام غلط فہمیوں کو بھی دور کیا۔
انٹرنز نے خاندانی منصوبہ بندی اور بچوں کی پیدائش کے درمیان صحت مند وقفے کی اہمیت اجاگر کرنے والے پوسٹر تیار کرکے آویزاں کیے۔ سسٹر نیہا نے پروگرام کے دوران مانع حمل ذرائع اور معلومات، تعلیم و رابطہ عامہ سے متعلق مواد کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا، جبکہ کاؤنسلنگ کے بعد مستفیدین میں کنڈوم اور مانع حمل گولیاں بھی تقسیم کیں۔
اس پروگرام میں نئے شادی شدہ جوڑوں اور ایک بچے والے جوڑوں کی خصوصی کاؤنسلنگ پر توجہ دی گئی تاکہ پہلی حمل میں تاخیر اور بچوں کی پیدائش کے درمیان صحت مند وقفہ برقرار رکھنے کی ترغیب دی جا سکے، جبکہ دو یا اس سے زیادہ بچوں والے جوڑوں کو غیر ارادی حمل سے بچاؤ اور ذمہ دار والدین بننے کے لیے معقول خاندانی منصوبہ بندی کے طریقے اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ