جے این میڈیکل کالج میں کانگریس رہنماؤں کی متاثرہ بچی کی عیادت، ڈاکٹر سلمان امتیاز نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا
علی گڑھ، 13 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ میں کمسن بچی کے ساتھ پیش آئے اجتماعی عصمت دری کے واقعے پر کانگریس نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبا یونین کے سابق صدر اور کانگریس کے نوجوان ل
کانگریس


علی گڑھ، 13 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ میں کمسن بچی کے ساتھ پیش آئے اجتماعی عصمت دری کے واقعے پر کانگریس نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبا یونین کے سابق صدر اور کانگریس کے نوجوان لیڈر ڈاکٹر محمد سلمان امتیاز کی قیادت میں ایک وفد نے جے این میڈیکل کالج پہنچ کر زیر علاج بچی کی عیادت کی، اہل خانہ سے ملاقات کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد سلمان امتیاز نے کہا کہ معصوم بچی کی تکلیف اور اس کے اہل خانہ کی بے بسی دیکھ کر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دل دہلا دینے والے واقعات پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں اور ان میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تفتیش کو مکمل شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ جلد مکمل کیا جائے، تمام شواہد محفوظ رکھے جائیں اور مقدمہ تیز رفتار عدالت میں چلا کر قصورواروں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف صرف ملنا ہی نہیں چاہیے بلکہ بروقت ملتا ہوا بھی نظر آنا چاہیے تاکہ عوام کا قانون پر اعتماد برقرار رہے اور مستقبل میں ایسے جرائم کی روک تھام ہو سکے۔

ڈاکٹر سلمان امتیاز نے متاثرہ بچی کی شناخت یا اس سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے عمل کو غیر اخلاقی اور قانون کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف بھی فوری قانونی کارروائی ہونی چاہیے، کیونکہ اس سے متاثرہ خاندان کی تکلیف میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

اس موقع پر کانگریس کے سابق ضلع صدر پنڈت گرور شرما نے کہا کہ متاثرہ خاندان اس وقت شدید ذہنی اذیت سے گزر رہا ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ صرف قانونی کارروائی تک محدود نہ رہے بلکہ خاندان کو مکمل تحفظ، معیاری طبی سہولت، مؤثر قانونی امداد اور مناسب مالی تعاون بھی فراہم کرے۔

آل انڈیا مہیلا کانگریس کی سابق جنرل سکریٹری پرتیما سنگھ نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کا تحفظ ہر مہذب معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہر بیٹی خود کو محفوظ محسوس نہیں کرے گی، اس وقت تک انصاف اور ترقی کے تمام دعوے بے معنی رہیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی متاثرہ خاندان کے ساتھ انصاف کی منزل تک ہر مرحلے پر کھڑی رہے گی۔

وفد میں سابق ضلع صدر پنڈت گرور شرما، ٹھاکر سنتوش سنگھ، سابق شہر صدر اجے شرما، انڈین کانگریس کمیٹی کے رکن سید مجین حسین زیدی، مباشر علی اور دیگر کانگریس کارکنان بھی شامل تھے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande