سال 1931 کی تحریک ظلم کے خلاف تھی، مذہبی جدوجہد نہیں، شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا جاری رکھیں گے : وزیراعلیٰ عمر عبداللہ
سرینگر، 13 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز سیاسی رہنماؤں پر 13 جولائی کو شہداء کے قبرستان میں جانے پر عائد پابندیوں کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی رکاوٹ یا حفاظتی پابندی 1931 کے شہداء کی قربانیوں کو ن
تصویر


سرینگر، 13 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز سیاسی رہنماؤں پر 13 جولائی کو شہداء کے قبرستان میں جانے پر عائد پابندیوں کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی رکاوٹ یا حفاظتی پابندی 1931 کے شہداء کی قربانیوں کو نہیں مٹا سکتی۔ 13 جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر، نوائے صبح میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا کہ قائدین کو مزار شہدا پر جانے سے روکنے والے جموں و کشمیر کی تاریخ کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جو لوگ ظلم کے خلاف اور جموں و کشمیر کے وقار کی حفاظت کے لیے لڑے، انہیں آج خراج تحسین پیش نہیں کیا جا رہا ہے۔ جن لوگوں نے مزار شہدا کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا، انہیں پہلے جموں و کشمیر کی تاریخ پڑھنی چاہیے تھی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے واقعات کو مذہب کی نظر سے نہ دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی مذہبی لڑائی نہیں تھی، یہ ظلم کے خلاف، جمہوریت کے لیے اور برطانوی بالادستی کے خلاف جدوجہد تھی۔ آج اسے کچھ اور بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکام نے غیر ضروری طور پر پابندیاں عائد کی ہیں اس حقیقت کے باوجود کہ صرف ایک چھوٹی سی تعداد ہی قبرستان جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا، مجھے نہیں لگتا کہ 150 سے زیادہ لوگ وہاں خراج تحسین پیش کرنے گئے ہوں گے، پھر بھی انہوں نے اسے ایک خطرہ سمجھا۔ یہ خود ان بار بار دعووں کی تردید کرتا ہے کہ سب کچھ نارمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں پابندیاں نافذ کرنے والے صرف عارضی مقیم تھے۔عمر عبداللہ نے کہا، جو لوگ آج ہمیں مزار شہدا پر جانے سے روکنے میں کامیاب ہوئے، وہ عارضی طور پر یہاں موجود ہیں۔ جموں و کشمیر کے لوگ یہیں رہیں گے۔ اگر آج نہیں تو کل یا پرسوں، ہم ضرور وہاں جا کر خراج عقیدت پیش کریں گے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir


 rajesh pande