شوہر نے بیوی کو سالگرہ پر موت کا تحفہ دیا
دہلی پولیس کانسٹیبل پر بیوی کے قتل کا الزام نئی دہلی، 13 جولائی (ہ س)۔ پیر کی صبح مشرقی دہلی کے ونود نگر علاقے میں دہلی پولیس کے ایک کانسٹیبل نے اپنی ہی بیوی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ موقع خاتون کی سالگرہ کا تھا۔ واقعہ کے بعد ملزم پولیس اہلکار م
شوہر نے بیوی کو سالگرہ پر موت کا تحفہ دیا


دہلی پولیس کانسٹیبل پر بیوی کے قتل کا الزام

نئی دہلی، 13 جولائی (ہ س)۔ پیر کی صبح مشرقی دہلی کے ونود نگر علاقے میں دہلی پولیس کے ایک کانسٹیبل نے اپنی ہی بیوی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ موقع خاتون کی سالگرہ کا تھا۔ واقعہ کے بعد ملزم پولیس اہلکار موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس اس کی گرفتاری کے لیے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

پولیس کے مطابق پیر کی صبح تقریباً 3 بجے ایک خاتون لال بہادر شاستری (ایل بی ایس) اسپتال کے قریب سڑک کے کنارے شدید زخمی حالت میں پائی گئی۔ ایک گزرتے ہوئے ڈیلیوری بوائے نے اسے دیکھا۔ اس نے اسے فوری طور پر ایل بی ایس اسپتال پہنچایا، لیکن ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کرنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس کے جسم پر گولیوں کے نشانات پائے گئے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔

متوفی کی شناخت پرینکا کے طور پر ہوئی ہے جو اشوک وہار کے ایک پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر تھی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فرانسک ٹیم کو طلب کرلیا۔ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کے بعد تفتیش کا رخ بدل گیا۔ فوٹیج میں پرینکا کے شوہر منیش بھاٹی کو جائے وقوعہ کے قریب مشکوک حالات میں دکھایا گیا ہے۔ ان کی ابتدائی تفتیش کی بنیاد پر، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واقعہ کے بعد نیو ونود نگر میں واقع اپنے گھرپر گیا اور فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم منیش بھاٹی دہلی پولیس کی اے ٹی ایس یونٹ میں کانسٹیبل کے عہدے پر تعینات ہے۔ اس کی تلاش کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ دہلی اور پڑوسی ریاستوں میں اس کی ممکنہ موجودگی سے پولیس کو بھی چوکس کر دیا گیا ہے۔ اس کے موبائل فون اور دیگر تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اس کی لوکیشن ٹریس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ پرینکا کی شادی نوئیڈا کے رہائشی منیش بھاٹی سے 2023 میں ہوئی تھی۔ شادی کے فوراً بعد ہی دونوں کے درمیان جھگڑے شروع ہو گئے۔ پرینکا کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ انہیں جہیز کے لیے مسلسل ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

متوفی کے والد اجیت سنگھ نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی نے بارہا انہیں اپنے سسرال کے گھر میں ہونے والی ہراسانی سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ویمنس سیل میں شکایت درج کرائی گئی تھی۔ بعد میں دونوں خاندانوں کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا اور امید کی جا رہی تھی کہ ان کی بیٹی کی ازدواجی زندگی معمول پر آجائے گی۔ تاہم، انہوںنے الزام لگایا کہ ہراساں کرنا بلا روک ٹوک جاری تھا۔

اجیت سنگھ کا الزام ہے کہ ملزم منیش بھاٹی بار بار 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اس پورے معاملے میں ملزم کی والدہ اور بڑے بھائی کے کردار کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کافی عرصے سے ذہنی دباو¿ کا شکار تھی اور اکثر جہیز کے مطالبات سے پریشان رہتی تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پرینکا کے اہل خانہ میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ اپنی بیٹی کی سالگرہ کے موقع پر ان کی موت کی خبر سن کر اہل خانہ بے قرار ہیں۔ اہل خانہ نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ، فرانسک جانچ، جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والے شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور اہل خانہ کے بیانات کی بنیاد پر تفتیش کی جارہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام پہلووں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande