
امپھال، 12 جولائی (ہ س)۔ منشیات کی اسمگلنگ اور امن و امان سے متعلق ایک بڑی کاروائی کے تحت منی پور پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کی گئی الگ الگ کارروائیوں میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے تقریبا پانچ کلو براؤن شوگر، 2 لاکھ روپے کی مشتبہ منشیات کی آمدنی اور 1 لاکھ روپے نقد برآمد کیے ہیں۔
سرکاری معلومات کے مطابق، سنیچر کو بشنو پور ضلع کے کواکٹا علاقے میں ایک سرمئی رنگ کے ٹاٹا پنچ (ایم این-04 پی-4706) کو پولیس نے روکا اور تلاشی لی۔ گاڑی کے ڈرائیور محمد امجد خان (47) کو گرفتار کر لیا گیا جو کہ للونگ چنگجاؤ کا رہائشی ہے۔ اس کے قبضے سے تقریبا پانچ کلو براؤن شوگر اور نقد رقم 83,770 برآمد ہوئی۔
ایک اور کارروائی میں، دیپو گپتا کو ہریانہ میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ سے متعلق ایک کیس کے سلسلے میں چوراچند پور سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے پاس سے لاکھوں نقد برآمد ہوئے، جو کہ منشیات کی تجارت سے کمائی گئی مشتبہ رقم بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم چوراچند پور ضلع میں منشیات کے اسمگلروں کے لیے حوالہ لین دین میں ملوث تھا۔ برآمد شدہ رقم کے ساتھ اسے ہریانہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اس درمیان منی پور پولیس، سی آر پی ایف، آر اے ایف اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے ہینگجنگ گاؤں کے سربراہ اور لیماکھونگ ایریا پروٹیکشن کمیٹی (ایل اے پی سی) کے چیئرمین کامنگ لووم (65) اور کھونکھو کوکی گاؤں کے رہائشی پاگین ہینگشنگ (30) کو ہجوم کے تشدد اور لیماکھونگ علاقے کے کانٹو سبلے میں ویران گھروں کو آگ لگانے کی کوشش کے سلسلے میں گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد