
نئی دہلی،12جولائی(ہ س)۔حکومتِ ہند کی وزارتِ جل شکتی کے تحت محکمہ آبی وسائل، دریائی ترقی اور گنگا کےاحیا (ڈی او ڈبلیو آر، آر ڈی اینڈ جی آر) کی جانب سے 13 جولائی 2026 کو نئی دہلی کے سشما سوراج بھون کے چانکیہ ہال میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے آبی وسائل کے محکموں کے سینئر ترین سکریٹریوں کی آل انڈیا کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس کی صدارت مرکزی وزیر جل شکتی جناب سی آر پاٹل کریں گے، جبکہ وزیر مملکت برائے جل شکتی جناب راج بھوشن چودھری اور محکمہ آبی وسائل، دریائی ترقی اور گنگا کے احیا کے سکریٹری جناب وی ایل کانتا راو بھی مشترکہ طور پر کانفرنس کی صدارت میں شریک ہوں گے۔اس کانفرنس کا مقصد آبی وسائل کے شعبے میں ترجیحی منصوبوں پر مرکز اور ریاستوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو فروغ دینا اور وزارتِ جل شکتی کے تحت جاری اہم قومی پروگراموں کی پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔ کانفرنس میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے آبی وسائل کے محکموں کے سینئر افسران کے علاوہ وزارتِ جل شکتی اور اس کے مختلف ذیلی و ماتحت اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے۔ ان میں سنٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی)، نیشنل ڈیم سیفٹی اتھارٹی (این ڈی ایس اے)، نیشنل واٹر مشن (این ڈبلیو ایم) اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔یہ کانفرنس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اپنے تجربات کے تبادلے، عمل درآمد کے دوران درپیش چیلنجز پر گفتگو اور آبی وسائل کے شعبے میں اصلاحات کی رفتار تیز کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنے کا ایک موثر پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گی۔ توقع ہے کہ اس کانفرنس میں ہونے والی مشاورت وزارتِ جل شکتی کے جاری قومی پروگراموں کے بروقت اور موثر نفاذ میں معاون ثابت ہوگی۔ یہ کانفرنس وزارتِ جل شکتی کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد بہتر پالیسی ہم آہنگی، ادارہ جاتی مضبوطی، منصوبوں کے موثر نفاذ، ڈیموں کی حفاظت میں اضافہ اور پانی کے تحفظ کے لیے عوامی شمولیت کو فروغ دے کر ملک میں آبی وسائل کے پائیداراور موثر انتظام کو یقینی بنانا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan