
ممبئی ، 12 جولائی (ہ س) انڈیا یاماہا موٹر نے ملک میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ اور صاف ایندھن کے استعمال کو فروغ دینے کے مقصد سے نئی ایف زیڈ بلیو فلیکس موٹر سائیکل لانچ کر دی ہے۔ دہلی میں اس کی ایکس شوروم قیمت ایک لاکھ 24 ہزار 240 روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہ یاماہا کی بھارت میں پہلی فلیکس فیول موٹر سائیکل ہے، جو ای ٹوئنٹی سے ای ایٹی فائیو تک ایتھنول ملاوٹ والے ایندھن پر بآسانی چل سکتی ہے۔ اس لانچ کو حکومت ہند کی ایتھنول ملاوٹ پالیسی کو تقویت دینے اور فوسل فیول پر انحصار کم کرنے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موٹر سائیکل میں 149 سی سی کا سنگل سلنڈر، ایئر کولڈ اور فیول انجیکشن ٹیکنالوجی سے لیس پیٹرول انجن دیا گیا ہے، جسے خاص طور پر زیادہ مقدار میں ایتھنول ملاوٹ والے ایندھن پر مؤثر انداز میں کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ انجن 7 ہزار 250 آر پی ایم پر 11.7 بی ایچ پی طاقت اور 6 ہزار آر پی ایم پر 12.8 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ پانچ اسپیڈ گیئر باکس فراہم کیا گیا ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ روزمرہ استعمال میں بہتر کارکردگی اور عمدہ فیول ایفیشنسی فراہم کرے گا۔
یاماہا موٹر انڈیا کے گروپ چیئرمین ہاجیمے آؤٹا نے کہا کہ کاربن نیوٹرل ہونے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے صرف ایک ٹیکنالوجی پر انحصار کافی نہیں، بلکہ اس کے لیے مختلف راستوں پر مبنی حکمت عملی ضروری ہے۔ ان کے مطابق بلیو فلیکس ٹیکنالوجی بھارت کی ابھرتی ہوئی بایو فیول پالیسی سے ہم آہنگ ہے اور کمپنی کے عالمی پائیدار ترقی کے اہداف کو بھی تقویت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی الیکٹرک موبلٹی سمیت مختلف جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
ڈیزائن کے اعتبار سے ایف زیڈ بلیو فلیکس میں یاماہا کی ایف زیڈ سیریز کا روایتی اسپورٹی انداز برقرار رکھا گیا ہے۔ اس میں فل ایل ای ڈی پروجیکٹر ہیڈ لیمپ، انٹیگریٹڈ پوزیشن لیمپ، مضبوط فیول ٹینک، ایروڈائنامک ایکسٹینشنز، فاکس ایئر وینٹس، کمپیکٹ ایگزاسٹ، سنگل پیس سیٹ اور ایل ای ڈی ٹیل لیمپ شامل ہیں۔ معطلی کے لیے سامنے ٹیلی اسکوپک فرنٹ فورکس اور عقب میں سوئنگ آرم دیا گیا ہے، جبکہ محفوظ بریکنگ کے لیے اینٹی لاک بریکنگ سسٹم بھی فراہم کیا گیا ہے۔ یہ موٹر سائیکل فی الحال صرف میٹالک بلیک رنگ میں دستیاب ہے۔
کمپنی کے مطابق ایف زیڈ بلیو فلیکس کی فروخت ابتدائی مرحلے میں دہلی، اتر پردیش، مہاراشٹر، کرناٹک، تلنگانہ اور تمل ناڈو کی منتخب یاماہا بلیو اسکوائر ڈیلرشپ کے ذریعے کی جائے گی۔ ملک میں ایتھنول ملاوٹ والے ایندھن کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر یہ فلیکس فیول موٹر سائیکل صارفین کو ماحول دوست اور مستقبل کے ایندھن کا ایک مؤثر متبادل فراہم کرے گی۔ چونکہ یہ موٹر سائیکل 85 فیصد تک ایتھنول ملاوٹ والے ایندھن پر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس لیے اس سے فضائی آلودگی میں کمی اور بھارت میں سبز ٹرانسپورٹ کے فروغ کو بھی تقویت ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے