
احمد آباد، 12 جولائی (ہ س) احمد آباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کو سرسبز اور آلودگی سے پاک بنانے کے مقصد سے 'مشن فائیو ملین ٹری' کے تحت ایک عظیم الشانشجرکاری مہم میں اتوار کو منعقدہ ایک میگا ایونٹ میں 405 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔
'مشن فائیو ملین ٹری' پروجیکٹ کے تحت، امت شاہ نے ایک ہیریٹیج پارک اور 101 آکسیجن پارکس (شہری جنگلات) کا افتتاح کیا جو شہر میں سبز ترقی کو فروغ دینے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ گرین موبلٹی اقدامات کے ایک حصے کے طور پر، 80 نئی ایئر کنڈیشنڈ الیکٹرک بسیں بی آر ٹی ایس نیٹ ورک میں متعارف کرائی گئیں۔ مزید برآں، اے ایم ٹی ایس کے بیڑے میں 75 نئی اے سی بسیں شامل کی گئیں۔
تقریب کے دوران، 60.68 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیے گئے 188 جدید سرکاری ہاو¿سنگ یونٹس کا بھی عملی طور پر افتتاح (ای-افتتاح)کیا گیا ۔ اس کے بعد مرکزی وزیر داخلہ نے بھاڑج، بوپل اور واڈج سمیت مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی مہم میں حصہ لیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا، آج میں احمد آباد شہر اور گاندھی نگر لوک سبھا حلقہ کے تمام شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ گاندھی نگر لوک سبھا حلقہ میں شہریوں نے ایک ہی دن میں 1.25 کروڑ سے زیادہ پودے لگانے کا یادگار کام انجام دیا ہے، جب کہ احمد آباد میں الگ الگ لوک سبھا میں 50 لاکھ سے زائد پودے لگانے کی ایک بڑی مہم چلائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل جب انہوں نے ایک میٹنگ میں یہ آئیڈیا پیش کیا تھا تو کسی نے قطعی طور پر ”ہاں“ یا ”نہیں“ میں جواب نہیں دیا تھا لیکن آج عوام نے اسے حقیقت میں بدل دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں ہریالی کو بڑھانے کے لیے 'ایک پیڑ ما کے نام' (ماں کے نام پر ایک پیڑ) مہم کا آغاز کیا ہے، جس سے لوگوں کو اپنی ماو¿ں اور ماں دھرتی دونوں کے اعزاز میں پودا لگانے کی ترغیب دی گئی ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ حکومت ہند کی مرکزی نیم فوجی دستوں نے گزشتہ سات سالوں میں 7 کروڑ پودے لگانے کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج ماحولیات کی حفاظت بہت ضروری ہو گئی ہے۔ گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال سے کاربن کے اخراج اور آلودگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، شہروں میں ہریالی پھیلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گاندھی نگر کے علاقے میں پہلے صرف 12 پارکس تھے، اب 61 نئے آکسیجن پارکس کا افتتاح کیا گیا ہے۔ احمد آباد میونسپل کارپوریشن نے پورے احمد آباد میں کل 101 آکسیجن پارکس تیار کیے ہیں۔ انہوں نے احمد آباد میونسپل کارپوریشن اور میئر ہتیش باروٹ کو اس اقدام کے لیے مبارکباد دی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کارپوریشن نے براہ راست شہریوں کے گھروں تک پودے پہنچانے کے لیے خصوصی گاڑیوں کا انتظام کیا ہے۔
امت شاہ نے کہا، میں نے 2029 کے انتخابات تک اس خطے میں گرین کور کو 20 فیصد تک بڑھانے کا ذاتی عہد کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ گاندھی نگر خطہ سبز توانائی کے میدان میں بھی ایک رہنما ہے۔ گاندھی نگر لوک سبھا حلقہ سولر روف ٹاپ تنصیبات کے لیے ملک کے سرفہرست علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ آلودگی کو کم کرنے کے لیے نئی الیکٹرک بسیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جو کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
امت شاہ نے کہا کہ گاندھی نگر لوک سبھا حلقہ میں کل 1,25,93,513 پودے لگانے کا ہدف دوپہر 1:00بجے تک مکمل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میں 28,492 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔
آخر میں، انہوں نے شہریوں سے دو خصوصی اپیلیں کی: انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی ہاوسنگ سوسائٹی کا کوئی بھی گوشہ درختوں کے بغیر نہ رہے اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں، اس طرح زمین کو آنے والی نسلوں کے لیے قابل رہائش بنایا جائے۔ لوگوں سے گھروں میں سولر روف ٹاپ سسٹم لگانے کی اپیل کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، آئیے ہم سب مل کر اپنے علاقے کو سرسبز اور صاف ستھرا بنائیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی