
نئی دہلی، 12 جولائی (ہ س): محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر منسکھ منڈاویہ 14 جولائی کو ملک بھر میں ملازمین کی ریاستی بیمہ (ای ایس آئی) اسکیم سے متعلق سات صحت پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔ تقریباً 668 کروڑ روپے کی لاگت والے ان پروجیکٹوں کا آغاز سنت نگر، تلنگانہ کے ای ایس آئی سی اسپتال میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا جائے گا۔ وہ ملک بھر میں تقریباً 53 لاکھ بیمہ شدہ افراد اور استفادہ کنندگان کو صحت کی جدید خدمات فراہم کریں گے۔
محنت اور روزگار کی وزارت کے مطابق، منسکھ منڈاویہ سنت نگر کے ای ایس آئی سی اسپتال میں نئے آوٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) بلاک کا فزیکل طور پر افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ورچول طور پر چھ دیگر منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ ان میں بیلٹولا (آسام) میں ایک اپ گریڈ شدہ 200 بستروں والا ای ایس آئی سی اسپتال، سریپرمبدور (تامل ناڈو) میں 100 بستروں کا اسپتال، راجہ مہندرا ورم (آندھرا پردیش) میں ایک ای ایس آئی ایس اسپتال، سریندر نگر (گجرات) میں ای ایس آئی ڈسپنسریاں اور برانچ آفس اور راجستھا ن کے کوٹاکے ادیوگ نگر میںای ایس آئی ڈسپنسری اور برانچ آفس اور راجستھان کے بھوانی منڈی میں ایک ای ایس آئی ڈسپنسری شامل ہیں۔ (راجستھان)۔ مرکزی وزیر مملکت شوبھا کرندلاجے بھی اس تقریب میں موجود رہیں گی۔
سنت نگر میں نیا او پی ڈی بلاک 211.13 کروڑ روپے کی لاگت سے 43,611 مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس میں مختلف خاص شعبہ جات شامل ہوں گے — جن میں جنرل میڈیسن کے ساتھ ساتھ آیوش خدمات، ریڈیولوجی، یوگا کی سہولیات، ایک بحالی مرکز، 180 جنرل بستر، 25 آئی سی یو بستر اور 20 نوزائیدہ انتہائی نگہداشت یونٹ (این آئی سی یو) بستر شامل ہیں۔ یہ مرکز تلنگانہ میں 12.30 لاکھ سے زیادہ بیمہ شدہ افراد اور استفادہ کنندگان کو جدید طبی علاج کی خدمات فراہم کرے گا۔ تقریب کے دوران، منسکھ منڈاویہ تعمیراتی کاموں میں تعاون کرنے والے مزدوروں کو اعزاز دیں گے اور ای ایس آئی سے مستفید ہونے والوں کو نقد فوائد بھی تقسیم کریں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی