

بنگلورو، 11 جولائی ( ہ س )۔ بنگلورو میں کامکشی پالیہ پولیس اسٹیشن کی حدود کے تحت کوٹی گےپلیہ میں ہفتہ کی صبح ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا۔ ایک 34 سال کے
شخص نے اپنی ماں، نانی اور ماموں کو تیز دھار ہتھیار سے قتل کرنے کے بعد اپنے گھر کے کمرے میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فارنسک اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی۔
مہلوکین کی شناخت ملزم کی ماں منگلما، نانی ننجما اور ماموں ستیش کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ملزم کی شناخت پرشانت کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح تقریبا 8:30 بجے اس وقت پیش آیا جب خاندان کے سربراہ چکنا معمول کے مطابق کام پر گئے تھے۔ اس وقت گھر میں پرشانت سمیت کل چارافراد موجود تھے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق، پرشانت نے پہلے اپنے ماموں ستیش پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا۔ اس نے اپنی ماں منگلما اور نانی ننجما کو بھی چاقو گھونپ دیا۔ تینوں شدید زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس کے بعد پرشانت نے گھر کے ایک کمرے میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی گاؤں والے موقع پر پہنچ گئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اور فارنسک ماہرین کی ایک ٹیم نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
واقعے کے حوالے سے متوفی کے والد چکنا نے بتایا کہ جمعہ کی رات خاندان کے تمام افراد نے معمول کا کھانا کھایا اور اس کے بعد سو گئے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کے رویے میں کوئی غیر معمولی بات نظر نہیں آئی۔ اگر میں اس وقت گھر پر ہوتا تو شاید میں بھی نہ بچ پاتا، اس نے جذباتی انداز میں کہا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی)، ویسٹ ڈویژن، یاتیش نے جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ گھر میں کل پانچ افراد رہتے تھے، جن میں سے چار کی موت ہو چکی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں تینوں جاں بحق افراد کی لاشوں پر چاقو کے شدید زخموں کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے پورے واقعہ کے سائنسی اور تکنیکی پہلوؤں کی بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق، ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ پرشانت کچھ عرصے سے غیر معمولی سلوک کر رہا تھا۔ اس کے ذہنی طور پر غیر مستحکم ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس پہلو کی تصدیق تحقیقات کے بعد ہی ہوگی اور فی الحال کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہے۔
کامکشی پالیہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس خاندانی حالات، ممکنہ ذاتی وجوہات اور دیگر تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ واقعے کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فارنسک جانچ کے نتائج بھی تحقیق کے اہم ثابت ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد