
علی گڑھ, 11 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کے تحت چلائے جانے والے مختلف پروگراموں میں داخلے شروع ہوگئے ہیں۔
مرکز کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن۔فاصلاتی تعلیم بیورو سے موجودہ تعلیمی سال سے آن لائن تعلیم کے تحت دو نئے پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی حاصل ہوئی ہے۔ ان میں ماسٹر آف آرٹس (پبلک ایڈمنسٹریشن) اور بیچلر آف لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس شامل ہیں۔
فاصلاتی تعلیم کے پروگراموں میں آرٹس اور کامرس میں سینئر سیکنڈری (10+2) کورسز سمیت مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، ٹریول اینڈ ٹورزم مینجمنٹ، پرسنل مینجمنٹ، مارکیٹنگ مینجمنٹ ، صحافت و ابلاغِ عامہ، انسانی حقوق و فرائض، گائیڈنس اینڈ کاؤنسلنگ، کمپیوٹر پروگرامنگ، انگریزی میں ابلاغی مہارت اور غیر ملکی زبانوں کے ڈپلوما پروگرام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انفارمیشن ٹکنالوجی، کمپیوٹر ہارڈویئر و نیٹ ورک ٹکنالوجی، جی ایس ٹی، ایڈوانسڈ ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور انگریزی میں ابلاغی مہارت کے سرٹیفکیٹ کورسز بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔
آن لائن تعلیم کے تحت مارکیٹنگ میں ایم بی اے، ایم کام، ماسٹر آف لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس، معاشیات، سیاسیات، تاریخ، ہندی، انگریزی، اردو میں ایم اے اور نو منظور شدہ ماسٹر آف آرٹس (پبلک ایڈمنسٹریشن) کے پوسٹ گریجویٹ پروگرام دستیاب ہیں۔ انڈر گریجویٹ پروگراموں میں بی کام اور معاشیات، سیاسیات، تاریخ، ہندی، انگریزی اور اردو میں بی اے کے ساتھ ساتھ نیا متعارف کرایا گیا بیچلر آف لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس پروگرام بھی شامل ہیں۔
مرکز کے ڈائریکٹر پروفیسر اکرام خاں نے کہا کہ مرکز ٹکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیمی نظام کے ذریعے معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو وسعت دینے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن تعلیم کے دو نئے پروگراموں کا آغاز ملک بھر کے طلبہ، ملازمت پیشہ افراد، گھریلو خواتین اور زندگی بھر سیکھنے کے خواہش مند افراد کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کی سمت میں مرکز کی کوششوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔
یکم جولائی 2026 سے داخلوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ اہلیت، داخلہ کے طریقے ، پروگراموں کی ساخت، فیس اور اہم تاریخوں سے متعلق تفصیلی معلومات مرکز کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ داخلے سے متعلق رہنمائی کے لیے امیدوار دفتری اوقات میں مرکز کے دفتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ