
۔راہل گاندھی 17 جولائی کو اتراکھنڈ کا دورہ کریں گے ، نوجوانوں کے مسائل اٹھائیں گے: کے سی وینوگوپال
دہرادون، 10 جولائی (ہ س)۔ کانگریس کی قومی تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایودھیا کے شری رام مندر میں چڑھاوے سے متعلق معاملے کی سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزیر اعظم کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکز اور ریاستوں میں ”ڈبل انجن“ والی حکومتوں کی پالیسیوں سے عوام میں ناراضگی ہے۔
اپنے دو روزہ اتراکھنڈ دورے کے اختتام پر جمعہ کو ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر راجیو بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وینوگوپال نے کہا کہ اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں سینئر لیڈروں، ارکان اسمبلی (ایم ایل اے) ، سابق ایم ایل اے اور مختلف فرنٹل تنظیموں کے عہدیداروں کے ساتھ وسیع تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی مکمل اتحاد کے ساتھ الیکشن لڑے گی اور جیت کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اتراکھنڈ میں بی جے پی کے دس سالہ دور حکومت میں بے روزگاری، نقل مکانی اور بدعنوانی جیسے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ بھرتی کے امتحانات میں بے ضابطگیوں اور پیپر لیک ہونے سے نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہوا ہے۔ عوام ڈبل انجن والی حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔ کانگریس نوجوانوں اور عام لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
ایودھیا کے شری رام مندر میںچڑھاوے کا حوالہ دیتے ہوئے وینوگوپال نے سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی میں غیر جانبدارانہ تحقیقات کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزیراعظم کی خاموشی بھی قابل اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدری ناتھ مندر میں سونے کی چوری اور چڑھاوا معاملے نے بی جے پی حکومت کی اصلیت کو بے نقاب کر دیا ہے۔
اتراکھنڈ کانگریس انچارج کماری سیلجا نے کہا کہ سیاسی صورتحال اور انتخابی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی فیڈ بیک ریاست کے سینئر لیڈروں اور تنظیم کے عہدیداروں سے الگ الگ میٹنگوں کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس نہیں بلکہ بی جے پی اندرونی دھڑے بندی کا شکار ہے اور عوام بدعنوانی، مہنگائی اور مفاد عامہ کے مسائل پر حکومت سے ناراض ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ عقیدے کے نام پر بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں اور مختلف معاملات میں تفتیشی ایجنسیوں کی کارروائیوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دلتوں، خواتین اور کمزور گروہوں کے تحفظ کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھامی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی 17 جولائی کو اتراکھنڈ کا دورہ کریں گے، جہاں نوجوانوں کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اپنی عوامی تحریک جاری رکھے گی۔
پریس کانفرنس میں اتراکھنڈ کانگریس کے صدر گنیش گوڈیال، اپوزیشن لیڈر یشپال آریہ، پریتم سنگھ، ہرک سنگھ راوت، پرکاش جوشی اور دیگر سینئر پارٹی لیڈران بھی موجود تھے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد