
نئی دہلی، 10 جولائی (ہ س): ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کے لئے تمام 13 ہیوی پورٹل بیم کی لانچنگ احمد آباد، گجرات میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی ہے۔ آخری اور سب سے بھاری پورٹل بیم، جس کا وزن 1,640 میٹرک ٹن ہے، سابرمتی میں صرف تین گھنٹے میں نصب کیا گیا۔
سابرمتی میں آخری اور سب سے بھاری پورٹل بیم کے کامیاب آغاز کے ساتھ، ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کے لیے تمام 13 ہیوی پورٹل بیم کی لانچنگ احمد آباد، گجرات میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی ہے۔ یہ پروجیکٹ کی تعمیر میں انجینئرنگ کا ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
پراجیکٹ کے عہدیداروں نے جمعہ کو بتایا کہ احمد آباد میں 18 کلو میٹر لمبی بلٹ ٹرین موجودہ مصروف ریلوے لائنوں کو اونچی سطح پر عبور کرتی ہے۔ ان کراسنگ کی تعمیرکے لیے تیرہ ہیوی پورٹل بیم خاص طور پر ڈیزائن اور نصب کیے گئے ہیں۔ ان میں منی نگر میں ممبئی-احمد آباد مین ریلوے لائن پر پانچ، واتوا میں اسی راستے پر سات اور سابرمتی میں احمد آباد-دہلی مین ریلوے لائن پر ایک شامل ہے۔
حکام کے مطابق، سابرمتی میں نصب آخری پری کاسٹ-پریسسٹریسڈ پورٹل بیم کا وزن تقریباً 1,640 میٹرک ٹن ہے، جس کی لمبائی 34.5 میٹر ہے اور اس کا کراس سیکشن 5.5 میٹر بائی 4.5 میٹر ہے۔ یہ احمد آباد میں نصب تمام 13 پورٹل بیموں میں سب سے بھاری ہے اور پروجیکٹ میں استعمال ہونے والے سب سے بڑے پری کاسٹ کنکریٹ پورٹل بیموں میں سے ایک ہے۔
اس عظیم بیم کی لانچنگ 2,200 میٹرک ٹن کرالر کرین کا استعمال کرتے ہوئے شروع کی گئی تھی۔ کام کی محدود جگہ اور مصروف ریلوے لائن پر کام ہونے کے باوجود، پورے عمل کو احتیاط سے منصوبہ بندی اور سخت حفاظتی معیارات پر عمل کرتے ہوئے، ہندوستانی ریلوے کے ساتھ تال میل میں انجام دیا گیا۔ ریل آپریشن بغیر کسی رکاوٹ کے معمول کے مطابق جاری رہا۔
عہدیداروں نے کہا کہ احمد آباد میں تمام 13 ہیوی پورٹل بیموں کی کامیاب لانچنگ ہندوستان کے پہلے ہائی اسپیڈ ریل پروجیکٹ کی تعمیر میں جدید ترین انجینئرنگ کی صلاحیتوں، درست منصوبہ بندی اور اعلیٰ معیار پر عمل درآمد کا ثبوت ہے۔ اس کامیابی کو طے شدہ ٹائم لائن پر پورا اترنے کے لیے پروجیکٹ کے تعمیراتی کام کو آگے بڑھانے میں ایک اہم سنگ میل سمجھا جارہا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی