
نئی دہلی، 10 جولائی (ہ س): بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کو بہار کے بانکی پور اسمبلی حلقہ اور مدھیہ پردیش کے دتیا اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا۔ بی جے پی نے بانکی پور اسمبلی حلقہ کے لیے اپنا امیدوار تبدیل کر دیا ہے۔
جمعہ کو جاری کردہ ایک ریلیز میں، بی جے پی نے کہا کہ مرکزی الیکشن کمیٹی کی 7 جولائی کو اعلان کردہ ابھیشیک کمار کی جگہ نیرج کمار سنگھ لیںگے، جنہوں نے جمعرات کو بہار اسمبلی ضمنی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔
وہیں، بی جے پی نے آشوتوش تیواری کو مدھیہ پردیش کی دتیا اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے نامزد کیا ہے۔ دتیا اسمبلی ضمنی انتخاب کے لیے بی جے پی امیدوار تیواری، اس سے قبل مدھیہ پردیش ہاو¿سنگ بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ پارٹی نے ان کے تنظیمی تجربے اور نچلی سطح پر موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے اس اہم ضمنی انتخاب کے لیے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ریاست کے سابق وزیر داخلہ نروتم مشرا کو اس سیٹ کے لیے مضبوط دعویدار سمجھا جارہا تھا، وہ گزشتہ الیکشن ہار گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ بانکی پور اور دتیا اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات 30 جولائی کو ہونے والے ہیں۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 13 جولائی ہے۔ نتائج کا اعلان 3 اگست کو کیا جائے گا۔
-----------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی