
جموں، 10 جولائی (ہ س)۔ شری امرناتھ یاترا کے سلسلے میں نویں قافلہ جمعہ کی علی الصبح سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بھگوتی نگر یاتری نیواس جموں سے مقدس گپھا کی جانب روانہ ہوا۔ قافلے میں مجموعی طور پر 8,796 تیرتھ یاتری شامل ہیں، جن میں 33 غیر ملکی مرد یاتری بھی شامل ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق 3,450 عقیدت مند بالتل راستے سے جبکہ 5,346 یاتری پہلگام راستے سے روانہ ہوئے۔ بالتل جانے والا قافلہ صبح 2 بج کر 42 منٹ پر جبکہ پہلگام جانے والا قافلہ صبح 3 بج کر 24 منٹ پر جموں سے روانہ کیا گیا۔
قافلے میں 6,426 مرد یاتری، 2,042 خواتین، 228 سادھو، 56 سادھویاں، 10 بچے، 33 غیر ملکی مرد یاتری اور ایک خواجہ سرا یاتری شامل ہے۔
یاتریوں کی آمد و رفت کے لیے مجموعی طور پر 354 گاڑیاں تعینات کی گئیں، جن میں 175 بسیں، 70 درمیانی مسافر گاڑیاں، 106 ہلکی موٹر گاڑیاں اور تین دو پہیہ گاڑیاں شامل ہیں۔ ان میں سے 173 گاڑیاں بالتل راستے کے لیے جبکہ 181 گاڑیاں پہلگام راستے کے لیے مختص کی گئی ہیں۔نویں قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی اب تک جموں کے بیس کیمپ سے شری امرناتھ یاترا کے لیے روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 61,612 تک پہنچ گئی ہے۔
دریں اثنا یاترا کے قافلے ضلع رام بن پہنچ چکے ہیں، جہاں یاتری چندرکوٹ یاتری نیواس رام بن اور لمبر یاتری گراؤنڈ بانہال میں ناشتے کے بعد بالتل اور ننون (پہلگام) کے بیس کیمپوں کی جانب روانہ ہوں گے۔
ضلع انتظامیہ رام بن کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنر محمد الیاس خان، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارون گپتا، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک قومی شاہراہ راجہ عادل حمید اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ بانہال محمد نصیب کی نگرانی میں یاترا کے قافلوں کی آمد و رفت اور یاتریوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر