
نئی دہلی، یکم جولائی (ہ س)۔ محکمۂ محصولات کی خفیہ تفتیشی ایجنسی نے سونے کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہلی، چنئی، کولکاتا اور بنگلورو میں سرگرم ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران غیر ملکی اصل کے تقریباً 9 کلوگرام سونا، 42 کلوگرام چاندی، 700 گرام سونے کے زیورات، 8.15 کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور 26.67 لاکھ روپے بھارتی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایجنسی نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ گروہ شمال مشرقی ریاستوں سے دہلی تک مختلف ٹرینوں کے ذریعے سونا اسمگل کرتا تھا۔ اسمگلروں نے دہلی کے ایک گنجان آباد علاقے میں سونا پگھلانے کی ایک غیر قانونی بھٹی بھی قائم کر رکھی تھی۔ 26 جون کو ایجنسی کے افسران نے مغربی بنگال کے نیو کوچ بہار ریلوے اسٹیشن اور بہار کے مانسی جنکشن پر دو اسمگلروں کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے تقریباً 2 کلوگرام سونا برآمد ہوا۔ اسی روز دہلی میں بھی دو افراد کو 1.2 کلوگرام سونے کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ ان گرفتاریوں کے بعد دہلی میں سونا پگھلانے کی غیر قانونی بھٹی کا سراغ ملا۔
اسی روز ایک دوسری کارروائی میں ایجنسی نے ایک خاتون اسمگلر کو گرفتار کیا، جو میزورم کے سائرانگ سے کولکاتا جا رہی تھی۔ اس کی کمر پر بندھی بیلٹ میں چھپا کر رکھی گئی سونے کی 20 اینٹیں برآمد ہوئیں، جن کا مجموعی وزن 3.3 کلوگرام تھا۔
چنئی میں ایجنسی نے اندرونِ ملک فضائی مال برداری کی خدمات کے ذریعے غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا بھی پردہ فاش کیا۔ وہاں سے 7 لاکھ 58 ہزار 500 امریکی ڈالر اور 35 لاکھ تھائی باہٹ برآمد کیے گئے، جن کی مالیت تقریباً 8.15 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ غیر ملکی کرنسی بھارت سے باہر بھیجی جا رہی تھی اور اسے سونے اور چاندی کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
بنگلورو ہوائی اڈے پر ایجنسی نے دبئی سے واپس آنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 1.8 کلوگرام سونا برآمد ہوا۔ اس کے گھر سے 42 کلوگرام چاندی، 700 گرام سونے کے زیورات اور 26.67 لاکھ روپے نقد بھی برآمد کیے گئے۔
ایجنسی نے کہا کہ یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت اور اسے ملک سے باہر بھیجنے کا عمل براہِ راست سونے اور چاندی کی اسمگلنگ سے جڑا ہوا ہے۔ ایجنسی کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام آٹھ افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے اور مزید تحقیقات میں مزید اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد