
کانپور، یکم جولائی (ہ س)۔ کاپی رائٹ ایکٹ کے تحت ہربنش محلہ پولیس اسٹیشن اور اتر پردیش کے کانپور ضلع کی کرائم برانچ کی مشترکہ کارروائی میں ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے بدھ کو چھاپہ مار کر جعلی گولڈ فلیک سگریٹ کے 6000 پیکٹ برآمد کر لیے۔ جعلی سگریٹ رکھنے کے الزام میں دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم) شرون کمار سنگھ نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر ہربنش محلہ پولیس اور کرائم برانچ کی ٹیم نے سوترخانہ چوکی علاقے میں ہوٹل شری شیام کے ساتھ والی گلی میں چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران نئی دال منڈی کے رہنے والے انترکش پانڈے اور ابھینو پانڈے کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے پانچ کارٹنوں میں پیک چھ ہزار جعلی گولڈ فلیک سگریٹ برآمد ہوئے جن کی مالیت تقریباً آٹھ لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔
ڈی سی پی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دونوں ملزمین معروف برانڈز کی آڑ میں جعلی سگریٹ بیچ رہے تھے۔ پولیس اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ جعلی سگریٹ کہاں سے تیار ہو رہے تھے اور کن علاقوں میں سپلائی کیے جا رہے تھے۔ اس معاملہ میں دیگر افراد کے ملوث ہونے کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ڈی سی پی نے کہا کہ ملزم کے خلاف کاپی رائٹ ایکٹ کے تحت ہربنش محلہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ سامان کو قبضے میں لے لیا گیا اور نمونے سیل کر دیے گئے اور پورے نیٹ ورک کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی