بابر کی متحمل بلے بازی اور شاداب کی فنشنگ سے پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹ سے ہرایا
بابر کی متحمل بلے بازی اور شاداب کی فنشنگ سے پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹ سے ہرایا ۔ 3 میچوں کی ون ڈے سیریز پر 1-2 سے قبضہ کیا لاہور، 5 جون (ہ س)۔ آسٹریلیا کے خلاف فیصلہ کن ون ڈے مقابلے میں پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے جمعرات کی دیر رات 4
شاٹ کھیلتے بابر اعظم


بابر کی متحمل بلے بازی اور شاداب کی فنشنگ سے پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹ سے ہرایا

۔ 3 میچوں کی ون ڈے سیریز پر 1-2 سے قبضہ کیا

لاہور، 5 جون (ہ س)۔ آسٹریلیا کے خلاف فیصلہ کن ون ڈے مقابلے میں پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے جمعرات کی دیر رات 4 وکٹ سے جیت درج کی۔ کم اسکور والے مقابلے میں پاکستان نے ہدف حاصل کر کے تین میچوں کی ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی۔ دوسرے ون ڈے میں 231 رنوں کا کامیاب دفاع کرنے کے بعد آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے فیصلہ کن مقابلے میں پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ امید تھی کہ ٹیم دوبارہ ایک چیلنجنگ اسکور بنائے گی، لیکن بلے بازی پوری طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم محض 157 رن پر سمٹ گئی۔

آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی جب شاہین آفریدی نے ابتدائی اوور میں ہی میتھیو شارٹ کو پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد کپتان جوش انگلس نے اننگز کو سنبھالا اور سب سے زیادہ 65 رن (71 گیند) بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ انگلس نے مارنس لابوشین اور بعد میں ایلکس کیری کے ساتھ شراکت داریاں قائم کر کے ٹیم کو 100 رن کے قریب پہنچایا، لیکن ان کے آوٹ ہوتے ہی آسٹریلیا کی بلے بازی بکھر گئی۔

آسٹریلیا کا اسکور ایک وقت میں 119// تھا، لیکن اس کے بعد ٹیم نے صرف 37 رن کا اضافہ کر کے آخری 7 وکٹیں گنوا دیں اور 157 رن پر آل آوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 وکٹ لیے۔ اسپنروں نے بھی شاندار کردار ادا کیا۔ ابرار احمد نے 10 اوور میں محض 19 رن دے کر 2 وکٹ جھٹکے، جبکہ شاداب خان نے بھی 2 وکٹ لیے۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کی شروعات جارحانہ رہی۔ معاذ صداقت نے تیز بلے بازی کرتے ہوئے شروع میں رن کی رفتار کو برقرار رکھا، لیکن آسٹریلیا نے مسلسل وکٹیں لے کر مقابلے کو دلچسپ بنا دیا۔

اس دوران بابر اعظم نے انتہائی تحمل سے بلے بازی کرتے ہوئے 84 گیندوں پر 40 رن بنائے اور ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کوہنیمین نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے مسلسل جھٹکے دیے۔ انہوں نے 3 وکٹ لے کر پاکستان کو دباو میں لا دیا۔ ایک وقت پاکستان 119/5 پر جدوجہد کر رہا تھا، لیکن عبد الصمد (18) اور شاداب خان (29) نے تحمل سے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 42 ویں اوور میں جیت دلا دی۔

مختصر اسکور:

آسٹریلیا: 157 آل آؤٹ (42 اوور) - جوش انگلس 65۔ شاہین آفریدی 3/30، ابرار احمد 2/19، شاداب خان 2/28

پاکستان: 161/6 (41.5 اوور) - بابر اعظم 40، شاداب خان 29۔ میتھیو کوہنیمین 3/38

نتیجہ: پاکستان 4 وکٹ سے فاتح۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande