
لیورپول، 5 جون (ہ س)۔ پریمیئر لیگ کلب لیورپول نے بورن ماوتھ کے سابق کوچ اینڈونی ایراولا کو دو سالہ معاہدے پر اپنا نیا منیجر مقرر کیا ہے، کلب نے جمعرات کو اعلان کیا۔
43 سالہ ایراولا ڈچ کوچ آرنے سلاٹ کی جگہ لیں گے جنہوں نے اپنے پہلے سیزن میں لیورپول کو پریمیئر لیگ کا خطاب دلایا لیکن توقعات پر پورا نہ اترنے کے بعد دوسرے سیزن میں انہیں برطرف کردیا گیا۔
تقرری کے بعد ایک باضابطہ بیان میں ایراولا نے کہا:
لیورپول کی طرف متوجہ ہونے کے لیے آپ کو بہت سی وجوہات جاننے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیورپول ، لیورپول ہے۔ لیکن ظاہر ہے کہ ماحول، سپورٹرز، کلب، کھلاڑی، اعلیٰ سطح کے کھلاڑیوں کی کوچنگ کرنے اور خطاب کی لڑائی کا حصہ بننے کا موقع - اس سے زیادہ پرکشش کوئی چیز نہیں ہو سکتی۔ اس طرح کا موقع آنا مشکل ہے۔ میں بہت پرجوش ہوں۔
اسپین کے سابق بین الاقوامی کھلاڑی ایراولا نے 2003 سے 2015 تک ایتھلیٹک بلباو کے لیے کھیلا۔ انہوںنے 2023 میں بورن ماو¿تھ کا چارج سنبھالا اور کلب کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی۔
2024سے 2025 کے سیزن میں، بورن ماوتھ نے 56 پوائنٹس حاصل کیے اور لیگ میں نویں نمبر پر رہے، جو اس وقت کلب کی مشترکہ طور پر ٹاپ ڈویڑن کی بہترین کارکردگی تھی۔
اس کے بعد ایراولا نے اس سیزن میں اس ریکارڈ میں بہتری لائی، جس نے بورن ماوتھ کو چھٹے مقام پر پہنچایا اور یو ای ایف اے یوروپا لیگ کے لیے کوالیفائی کیا۔
ایراولا نے اپریل میں کلب سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
اب ان کے سامنے لیورپول جیسی بڑی ٹیم کو دوبارہ ٹاپ پرلے جانے کا چیلنج درپیش ہے، جو گزشتہ سیزن میں پانچویں نمبر پر تھی۔ انہیں گزشتہ ایک دہائی سے ٹیم کے اہم گول اسکورر محمد صلاح کی عدم موجودگی سے بھی نمٹنا ہے۔
اس تقرری کو ایراولا کے کوچنگ کیریئر کا اب تک کا سب سے بڑا موقع سمجھا جا رہا ہے اور یہ ان کی انتظامی صلاحیتوں کا بھی بڑا امتحان ہوگا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی